ٹرمپ حکومت دس لاکھ غیر قانونی تارکین وطن کو ملک بدر کرے گی
- بدھ 19 / جون / 2019
- 4340
آئندہ صدارتی انتخاب کے باضابطہ اعلان سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں غیر قانونی طور پر مقیم لاکھوں افراد کو ملک بدر کرنے کی دھمکی دی ہے۔
ایک ٹوئٹ پیغام میں امریکی صدر نے اعلان کیا کہ ’امریکی امیگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ آئندہ ہفتے سے ان لاکھوں افراد کو بے دخل کرنے کا آغاز کرے گا جنہوں نے امریکہ آنے کے لیے غیر قانونی راستے اختیار کیے‘۔
سلسلہ وار ٹوئٹس کرتے ہوئے امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ ’وہ جتنی تیزی سے آئے ہیں اتنی تیزی سے انہیں نکال دیا جائے گا‘۔ اس ضمن میں امریکی حکومت کے ایک عہدیدار نے شناخت نہ ظاہر کرنے کی شرط پر امریکی صدر کی ٹوئٹس کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ ان اقدامات کی زد میں 10 لاکھ سے زائد افراد آئیں گے۔
یہ وہ لوگ ہیں جنہیں فیڈرل ججز کی جانب سے بے دخلی کے حتمی نوٹسز دیے جاچکے ہیں لیکن اس کے باوجود وہ امریکہ میں مقیم ہیں۔ غیر قانونی تارکین وطن کی بے دخلی سے باخبر دیگر افراد کا کہنا تھا کہ مذکورہ آپریشن فوری طور پر نہیں ہوگا اور امیگریشن اور کسٹم انفورسمنٹ کے عہدیداران کو معلوم نہیں تھا کہ امریکی صدر حساس قانون سازی کے بارے میں عوام کو ٹوئٹر پر بتادیں گے۔
واضح رہے کہ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے یہ بڑی غیر معمولی بات ہے کہ چھاپوں سے پہلے ان کا اعلان کردیا جائے۔