پاکستان میں آن لائن ٹیکس معلوماتی نظام کا آغاز کردیا گیا
- جمعہ 21 / جون / 2019
- 4860
وفاقی بورڈ آف ریونیو نے نادرا کی مدد سے آن لائن ایف بی آر ٹیکس پروفائل نظام متعارف کروایا ہے۔ اس کے تحت 5 کروڑ 30 لاکھ افراد بینک اکاؤنٹ، جائیداد، یوٹیلٹی بلز اور سفری تفصیلات تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔
اسلام آباد میں چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے وزیر مملکت برائے مالیات حماد اظہر اور نادرا حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران اس نظام کو متعارف کروایا۔ انہوں نے بتایا کہ 500 روپے فیس کی ادائیگی کے بعد شہری اپنے ٹیکس پروفائل دیکھ سکیں گے۔
شبر زیدی کا کہنا تھا کہ یہ ڈیٹا نادرا کی مدد سے حاصل کیا گیا ہے۔ کوئی بھی شخص اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور موبائل نمبر کی بنیاد پر معلومات حاصل کرسکے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ آن لائن پروفائل سسٹم میں سیکیورٹی کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور کوئی شخص کسی دوسرے کی ذاتی معلومات تک رسائی حاصل نہیں کرسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نئے دور میں داخل ہورہا ہے اور اب ٹیکس کی تشخیص (اسسمنٹ) دستیاب ڈیٹا کے علاوہ اضافی معلومات کی بنیاد پر کی جائے گی۔ اس نظام کی تفصیل کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی معلومات تک رسائی چاہتا ہے تو اسے 9966 پر میسج بھیجنا ہوگا۔ جہاں اسے سسٹم پر رجسٹریشن کے لیے ایک کوڈ موصول ہوگا۔
اگلے مرحلے میں 500 روپے کی فیس ادا کرنی ہوگی اور پھر آپ اپنے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ فیس کی ادائیگی بذریعہ ڈیبٹ، کریڈٹ کارڈ اور ای سہولت کے ذریعے کی جاسکے گی۔
ایف بی آر کے مطابق یہ سسٹم شہریوں کو اپنی اس پروفائل تک رسائی کی اجازت دے گا جو حکومت پاکستان کے پاس دستیاب ان کے اثاثوں کے بارے مین موجود ہیں۔