نواز شریف کو محمد مُرسی نہیں بننے دیں گے: مریم نواز
- ہفتہ 22 / جون / 2019
- 4440
پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور پارٹی قائد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان، مصر جیسا ملک نہیں ہے، اور نہ ہی ہم نواز شریف کو محمد مُرسی بننے دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کو 3 مرتبہ دل کے دورے پڑ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے والد کو اڈیالہ جیل میں قید کے دوران دل کا دورہ پڑا جس کے حوالے سے انہیں لا علم رکھا گیا۔
مریم نواز نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ انہیں جیل سپرنٹنڈنٹ کے دفتر میں بلایا گیا اور ان کے والد کی صحت کی صورتحال کے بارے میں بتایا گیا اور نواز شریف کو ہسپتال بھیجنے کے لیے زور دینے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ 'میں نے جیل انتظامیہ سے پوچھا کہ آخر ایسا کیا معاملہ ہے، تو انہوں نے جواب دیا کہ معاملہ زیادہ خراب نہیں، لیکن آپ اپنے والد کو ہسپتال جانے پر زور دیں۔'
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ انہیں بار بار پوچھنے کے باوجود والد کو دل کا دورہ پڑنے کی خبر نہیں دی گئی، جبکہ اس حوالے سے ان کے سیل میں ان کے ذاتی معالج نے اس حوالے سے بتایا ۔ انہوں نے بتایا کہ نواز شریف کے ذاتی معالج کو بھی لاہو سے راولپنڈی بلایا گیا، لیکن ہماری بار بار درخواست کے باوجود انہیں نواز شریف کی حالت کے بارے میں نہ بتایا گیا۔
مریم نواز شریف نے مزید بتایا کہ انہیں نواز شریف کے دل کے دورے کے بارے میں دستاویزی معلومات پمز ہسپتال کے ڈسچارج سلپ سے حاصل ہوئی جس پر ان کی ہسپتال میں وجہ داخلہ بھی لکھی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے ہارٹ اٹیک کا معاملہ موجودہ حکومت نے چھپایا، اس سے کوئی نقصان ہوسکتا تھا، جس کے بارے میں سوچ کر میری روح کانپ جاتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'ایک بیٹی اپنے والد کا مقدمہ نہیں لڑے گی تو کون لڑے گا؟ میں اپنے والد کے خلاف اس کیس میں آخری حد تک جاؤں گی۔'
مریم نواز نے وزیر اعظم عمران خان کو 'چھوٹا آدمی' جبکہ ان کی حکومت کو 'جعلی حکومت' قرار دے دیا۔ لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ اگر نواز شریف کی طبعیت خراب ہوئی اور انہیں کچھ ہوا تو اس کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہوگی۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف سے شہباز شریف اور ان کی ملاقات کے دوران 'ایک شخص' بیٹھتا تھا جس سے ظاہر ہے کہ یہ لوگ نواز شریف کی ملاقات کے دوران پہرہ دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2 سال تک دن رات محنت کرکے نواز شریف کو جیل میں ڈال کر بھی اس طرح پہرہ دینے کی ضرورت پیش آرہی ہے تو نالائق اعظم اور اس کی حکومت کو سمجھ آجانی چاہیے کہ وہ شکست کھاگیا ہے۔ نواز شریف پابند سلاسل ہونے کے باوجود اب بھی طاقت ور ہے اور یہ لوگ ان سے ڈر رہے ہیں۔
صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان مصر جیسا ملک نہی ہے اور نہ ہی ہم سابق وزیر اعظم نواز شریف کو مصر کے سابق صدر محمد مُرسی بننے دیں گے۔ خیال رہے کہ مصر کے سابق صدر محمد مُرسی چند روز قبل اس وقت دل کا دورہ پڑنے پر انتقال کرگئے تھے جب وہ عدالت میں اپنے خلاف کیس میں پیشی کے لیے آئے تھے۔
میثاق معیشت سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ 'میری رائے ہے کہ میثاق معیشت مذاق معیشت ہے۔' انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن سے میثاق معیشت کرنا عمران خان سے این آر او لینے کے مترادف ہوگا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا نواز شریف میثاق معیشت کے حامی ہیں جس پر انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس کے حامی نہیں ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اپوزیشن حکومت کی حمایت نہ کرے۔
خیال رہے کہ دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ساتھ ساتھ شہباز شریف بھی میثاق معیشت کے حامی ہیں۔