پاک فوج نے بہتر سیکورٹی کے ذریعے پاکستان کو مستحکم کیا ہے: آرمی چیف
- ہفتہ 22 / جون / 2019
- 4760
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان پائیدار امن و استحکام حاصل کرنے کے قریب ہے۔
برطانیہ کے انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹیڈیز میں ’علاقائی سلامتی پر پاکستان کا موقف‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس کا فروغ بامعنی بین الاقوامی شراکت، حمایت اور علاقائی چیلنجز نے نمٹنے کے عزم سے ممکن ہے۔
آرمی چیف کے دورہ برطانیہ کے بارے میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے ااپنے ٹوئٹ پیغام میں بتایا ہے کہ آرمی چیف نے کہا کہ بہتر سیکیورٹی پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھول رہی ہے جو علاقائی تعاون کے لیے نہایت ضروری ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں دیر پا امن اور استحکام خطے میں دیرینہ تنازعات اور مسائل کے حل پر منحصر ہے۔آرمی چیف گزشتہ روز برطانیہ کے دورے پر پہنچے تھے۔
دورے کے دوران وہ برطانیہ کی سول اور فوجی قیادت سے ملاقات کریں گے جس میں جیو اسٹریٹجک ماحول میں آنے والی تبدیلیوں، دفاع اور سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔