اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو ہوگی

  • اتوار 23 / جون / 2019
  • 5670

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس 26 جون کو بلانے کا اعلان کیا ہے۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ کُل جماعتی کانفرنس 26 جون کی صبح 11 بجے اسلام آباد میں ہوگی۔  کانفرنس کی میزبانی مولانا فضل الرحمٰن کریں گے جس میں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما شرکت کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں حکومت مخالف تحریک اور لاک ڈاؤن پر اہم فیصلے ہوں گے۔ جبکہ چیئرمین سینیٹ کی تبدیلی اور بجٹ کی منظوری سے متعلق امور پر بھی غور ہوگا۔  یہ فیصلہ بھی کیا جائے گا کہ گزشتہ حکومتوں کے قرضوں کے حوالے سے حکومت کے تشکیل کردہ انکوائری کمیشن کو تسلیم کرنا ہے یا نہیں۔

اے پی سی کے لیے اب تک اسلام آباد میں جگہ کا تعین نہیں ہؤا۔ واضح رہے کہ مئی میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے عیدالفطر کے بعد پارلیمنٹ کے اندر اور باہر حکومت کے خلاف احتجاج کرنے اور ملک کے مسائل پر مشترکہ حکمت عملی طے کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کیا تھا۔

یہ اعلان بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی میزبانی میں افطار ڈنر کے بعد کیا گیا تھا جس میں مسلم لیگ (ن) اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے وفود نے شرکت کی تھی۔