پاکستان نے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کو ہرا دیا
- اتوار 23 / جون / 2019
- 5760
پاکستان نے ورلڈ کپ کے اہم میچ میں حارث سہیل کی شاندار بیٹنگ اور باؤلرز کی عمدہ کارکردگی کی بدولت جنوبی افریقہ کو 49رنز سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ اب ایونٹ سے باہر ہوگیا ہے۔
لارڈز کے تاریخی میدان پر کھیلے گئے ورلڈ کپ کے اس میچ میں قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز نے کپتان کے فیصلے کو درست ثابت کیا اور ٹیم کو 8ویں اوور میں ہی 50 کا ہندسہ عبور کروایا تاہم 15ویں اوور میں 81 کے مجموعے پر عمران طاہر کی گیند پر غیرضروری شاٹ کھیلتے ہوئے فخر زمان اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔
نئے آنے والے کھلاڑی بابر اعظم کے ساتھ دوسرے اوپنر امام الحق نے ٹیم کے اسکور کو 98 رنز تک پہنچایا ہی تھا کہ وہ بھی عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس مرتبہ عمران طاہر نے بہترین فیلڈنگ کرتے ہوئے اپنی ہی گیند پر امام کا شاندار کیچ لیا۔ دونوں پاکستانی اوپنرز 44 ، 44 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔
محمد حفیظ نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر 45 رنز کی شراکت قائم کی لیکن وہ 143 کے مجموعے پر 20 رنز بنانے کے بعد پارٹ ٹائمر ایڈن مرکرم کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ اس مرحلے پر پاکستان کے بڑے اسکور کی امیدیں ماند پڑتی نظر آ رہی تھیں لیکن حارث سہیل نے وکٹ پر آتے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور بابر کے ہمراہ شاندار شراکت قائم کی۔
بائیں ہاتھ کے بلے باز نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 79رنز کی ساجھے داری کی جس سے پاکستان کے بڑے اسکور کی راہ ہموار ہوئی۔ بابر آؤٹ ہونے والے چوتھے بلے باز تھے جو 224 کے مجموعی اسکور پر 69 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔
حارث نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور عماد کے ساتھ 40 گیندوں پر 71رنز بنائے۔ جن میں عماد کا حصہ صرف 23رنز کا تھا۔ اننگز کے آخری اوور میں حارث سہیل 59گیندوں پر 3 چھکوں اور 9 چوکوں سے 89رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 308 رنز بنائے۔
جنوبی افریقہ نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو پہلے ہی اوور میں محمد حفیظ کی گیند پر وہاب ریاض نے کوئنٹن ڈی کوک کا کیچ گرا کر پاکستان کو اہم کامیابی سے محروم کردیا۔ لیکن پاکستان کو پہلی وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور دوسرے ہی اوور میں ہاشم آملا دو رنز بنانے کے بعد محمد عامر کی گیند پر ایک بی ڈبلیو ہوگئے۔
اس کے بعد ڈیو پلیسی اور ڈی کوک نے سنبھل کر بیٹنگ کی اور 87رنز کی شراکت قائم کی۔ شاداب خان نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے ڈی کوک کی 47رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ نئے بلے باز ایڈن مرکرم نے ابھی 7رنز ہی اسکور کیے تھے کہ شاداب کی گیند کو کٹ کرنے کی کوشش میں وہ اپنی وکٹیں محفوظ نہ رکھ سکے۔
63رنز بنانے والے جنوبی افریقی کپتان فاف ڈیو پلیسی عامر کی گیند پروکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے۔ راسی وین در ڈوسن نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ مل کر پانچویں وکٹ کے لیے 63رنز بنائے لیکن شاداب نے 36رنز بنانے والے ڈوسن کی وکٹ لے کر جنوبی افریقہ کو پانچواں نقصان پہنچایا۔ ڈیوڈ ملر بھی تین رنز کے اضافے کے بعد 31رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
کرس مورس نے 16رنز اسکور کیے ہی تھے کہ وہاب ریاض نے 92میل فی گھنٹہ کی رفتار سے کی گئی گیند پر ان کی وکٹیں بکھیر دیں۔ وہاب کو دوسری وکٹ کے لیے بھی زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑا اور کگیسو ربادا ان کی گیند پر بولڈ ہو کر پویلین لوٹے۔ اور پھر ان کے اپنے اگلے اوور میں لنگی نگیدی آؤٹ ہوئے۔
مقررہ اوورز کے اختتام پر جنوبی افریقی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 259رنز بنا سکی اور یوں پاکستان نے میچ میں 49رنز سے جیت لیا۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان اور وہاب ریاض نے تین، تین اور محمد عامر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
حارث سہیل کو ان کی عمدہ بیٹنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔