وزیراعظم نے کاروبار کی رجسٹریشن آسان بنانے کیلئے کمیٹی قائم کردی
- منگل 25 / جون / 2019
- 4690
وزیراعظم عمران خان نے کاروبار کی رجسٹریشن کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے لیے فریم کی تشکیل کی غرض سے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی ہے اسے پی آر ایم آئی کہا جائے گا۔
یہ اعلیٰ سطحی کمیٹی پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے کے سلسلے میں ملک کی درجہ بندی کو بہتر بنا کر نئی راہیں کھولے گی اور سرمایہ کاری کو پر کشش بنائے گی۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق آسانی سے کاروبار کرنے کے حوالے سے مرتب کردہ فہرست میں 190 ممالک میں پاکستان کا 136واں نمبر ہے۔
اس اسٹیئرنگ کمیٹی کی سربراہی مشترکہ طور پر وزیراعظم عمران خان، مشیر برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب اور مشیر برائے تجارت عبد الرزاق داؤد کریں گے۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں وزیراعظم کے مشیر شہزاد ارباب نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس کا بنیادی مقصد نئے کاروبار کی رجسٹریشن آسان بنانا، اجازت نامے اور تصدیق نامہ عدم اعتراض (این او سی) جاری کرنا ہے۔
وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ کمیٹی بدعنوانی کو کم کرنے اور چھوٹے اور میڈیا انٹرپرائزز(ایس ایم ای) کو خودکار طریقہ کار کے مواقع فراہم کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خودکار طریقہ کار کی عدم موجودگی اور مختلف سرکاری محکموں سے این او سی لینے کی قانونی پابندی کی وجہ سے ماضی میں ایس ایم ای کا شعبہ متاثر ہوا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’مختلف محکموں سے این او سی لینے اور رجسٹریشن کروانے کی وجہ سے بدعنوانی کے راستے کھلے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاری بھی متاثر ہوئی‘۔