ورلڈ کپ میں پاکستان نے ناقابل شکست نیوزی لینڈ کو 6 وکٹوں سے ہرا دیا

  • بدھ 26 / جون / 2019
  • 5690

پاکستان نے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست سے کر سیمی فائینل تک پہنچنے کی امید قائم کرلی ہے۔  پاکستان نے یہ کامیابی بابر اعظم کی شاندار سنچری اور شاہین آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت حاصل کی ہے۔

نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن شروع میں ہی اس کے بیٹسمین لڑکھڑانے لگے اور یکے بعد دیگرے تین کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔  محمد عامر نے  پہلے ہی اوور میں 5 رنز بنانے والے مارٹن گپٹل کو بولڈ کرکے پاکستان کو ابتدا میں ہی کامیابی دلوادی۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا اسکور بھی 5 ہی تھا۔

اس کے بعد کپتان کین ولیمسن نے کالن منرو کے ہمراہ ٹیم کا اسکور 24 رنز تک پہنچایا تاہم شاہین آفریدی نے 12 رنز بنانے والے کولن منرو کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔  شاہین آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی بیٹنگ کو ناکام بنا دیا۔  38 کے اسکور پر 3 رنز بنانے والے روس ٹیلر اور 46 کے اسکور پر ایک رن بنانے والے ٹام لیتھم کی اننگ ختم ہوگئی

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مزاحمت جاری رکھی۔  تاہم شاداب خان نے 83 کے اسکور پر 41 رنز بنانے والے کین ولیمسن کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔ 83 رنز پر 5وکٹیں گرنے کے بعد کون ڈی گرینڈ ہوم اور جیمز نیشام نے عمدہ بیٹنگ کی اور تمام پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا۔

دونوں کھلاڑی نصف سنچریاں بنائیں اور چھٹی وکٹ میں 132رنز کی شراکت قائم کی۔ گرینڈ ہوم نے 64رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 237رنز بنانے میں کامیاب رہ۔، نیشام نے 97رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں لیں جبکہ عامر اور شاداب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز کوئی خاص کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ 19 کے اسکور پر فخر ایک غیرضروری شاٹ کھیل کر ٹرینٹ بولٹ کو وکٹ دے بیٹھے۔ بابر اعظم اور امام الحق نے اسکور کو 44 تک پہنچایا لیکن امام 19رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

دو وکٹیں گرنے کے بعد بابر کا ساتھ دینے محمد حفیظ آئے۔ دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ اور 66 رنز کی شراکت قائم کی۔ حفیظ حریف کپتان کین ولیمسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ انہوں نے 32رنز بنائے۔ حارث سہیل وکٹ پر آئے اور بابر کے ہمراہ  میچ وننگ اننگز کھیلی۔

بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 124 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی اور رواں ورلڈ کپ میں پاکستان کی جانب سے سنچری بنانے والے پہلے کرکٹر بن گئے۔ حارث سہیل 68رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد رن آؤٹ ہوئے لیکن کپتان سرفراز نے آخری اوور کی پہلی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروا دیا۔ بابر اعظم نے میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک ایونٹ میں ناقابل شکست تھی لیکن پاکستان نے انہیں شکست دے کر ایونٹ میں پہلی شکست سے دوچار کیا۔