راحت فتح علی خان کے لئے آکسفورڈ یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری

  • جمعرات 27 / جون / 2019
  • 6400

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کو برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اعزازی ڈگری سے نوازا گیا ہے۔

راحت فتح علی خان کے ساتھ ساتھ مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے مزید 7 افراد کو بھی یونیورسٹی کی جانب سے یہ اعزاز ملا۔ انکائینیا کے نام سے لندن میں منعقد ہونے والی اس تقریب میں راحت فتح علی خان کو ڈاکٹریٹ آف میوزک کی ڈگری دی گئی۔

یونیورسٹی کی جانب سے راحت فتح علی خان کا تعارف ’صوفیانہ موسیقی قوالی کے پاکستانی گلوکار کے طور پر کیا گیا ہے‘ جن کو اب تک 50 سے زائد البم ریلیز کرنے پر سراہا گیا۔ یونیورسٹی سے ملنے والی ڈگری کے حوالے سے گلوکار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’میں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے ملنے والی اس ڈگری کو قبول کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتا ہوں‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ دن میرے خاندان اور میرے لیے بےحد خاص ہے اور ان مداحوں کے لیے بھی جنہوں نے میرے اس سفر میں میرا ساتھ دیا۔ یہ اعزاز حاصل کرنا بہت بڑی کامیابی ہے اور مجھے خوشی ہے کہ میں اپنے فن کی بدولت ان شاندار بلندیوں پر پہنچ سکا‘۔

یاد رہے کہ 2017 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے اپنے ایک ریہرسل ہال کو استاد راحت فتح علی خان کا نام دیا تھا۔ راحت فتح علی خان نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی تھی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے۔ انہوں نے 7 سال کی عمر میں موسیقی کی باقاعدہ تربیت کا آغاز کیا۔

راحت ٹی وی ڈراموں کے لیے 50 سے زائد ٹائٹل گانوں کی گلوکاری کرچکے ہیں۔ جبکہ ہالی وڈ اور بولی وڈ دونوں انڈسٹری کی فلموں میں 100 سے زائد گانوں کی گلوکاری بھی کرچکے ہیں۔ 2016 میں انہیں آکسفورڈ یونیورسٹی کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔