اشرف غنی کی پاکستان کے دورے پر پہنچ گئے، عمران خان سے ملاقات

  • جمعرات 27 / جون / 2019
  • 6190

افغانستان کے صدر اشرف غنی پاکستان کے دو روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں۔

اسلام آباد آمد پر پاکستان کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد نے افغان صدر کا ائرپورٹ پر استقبال کیا۔  وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر اشرف غنی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔  مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق صدر اشرف غنی کی وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ون آن ملاقات جاری ہے۔ جس میں افغان امن عمل اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوگا۔

اشرف غنی کی قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بھی ملاقات متوقع ہے۔  دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں قیام کے دوران افغان رہنما ،  صدر عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے۔

افغان صدر کے ترجمان ہارون چکان سوری ایک بیان میں کہہ چکے ہیں کہ صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان میں پاکستانی قیادت کے ساتھ مذاکرات میں امن عمل سمیت چار معاملات پر گفتگو ہو گی جن میں علاقائی رابطوں، دو طرفہ تجارت، اور سکیورٹی کے معاملات شامل ہیں۔ دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق صدر اشرٖف غنی پاکستان کے دورے کے دوران لاہور بھی جائیں گے جہاں تجارتی فورم میں شرکت کریں گے جس میں پاکستان اور افغانستان کے تاجر برداری کے نمائندے شرئک ہوں گے۔

افغان صدر اشرف غنی ایک ایسے وقت میں پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، جب افغان امن عمل کی کوششیں تیز ہو گئی ہیں اور رواں ہفتے کے آخر میں امریکہ اور طالبان کے نمائندوں کے درمیان قطر کے دارالحکومت دوحہ میں بات چیت کا ساتواں دور شروع ہو رہا ہے۔ اس تناظر میں تجزیہ کار صدر اشرف غنی کے دورے کو اہم قرار دے رہے ہیں۔

رواں سال مئی میں قطر میں بات چیت کے چھٹے دور میں امریکہ اور طالبان نے کہا تھا کہ وہ امن سمجھوتے کے قریب پہنچ گئے ہیں جس میں افغانستان سے امریکہ افواج کے انخلا، جنگ بندی اور افغانوں کے درمیان بات چیت جیسے امور شامل ہیں۔ تاہم اب بھی بعض دیگر امور بشمول جنگ بندی اور طالبان اور افغان حکومت بشمول دیگر افغان دھڑوں کے درمیان بات چیت کے معاملات پر پیش رفت ہونا باقی ہے۔

بین الاقوامی امور کی تجزیہ کار ماریہ سلطان کا کہنا ہے کہ افغان صدر کا پاکستان کا دورہ اس بات کا مظہر ہے کہ پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ان کے بقول افغان قیادت یہ سمجھتی ہے کہ اسلام آباد اور کابل کے درمیان بہتر تعلقات سے افغانستان میں قیام امن کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

صدر اشرف غنی کا یہ پاکستان کا تیسرا دورہ ہے جو حالیہ مہینوں میں اسلام آباد اور کابل کے درمیان ہونے والے اعلیٰ سطح کے رابطوں کا تسلسل ہے۔