اپوزیشن کے فیصلے کے بعد حکومتی اراکین کا چیئرمین سینیٹ سے اظہار یکجہتی
- جمعہ 28 / جون / 2019
- 4890
اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کیلئے آئینی راستہ اپنانے کے فیصلہ کے بعد حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں پر مشتمل وفد نے صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور اظہار یکجہتی کیا۔
ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف ، پاکستان مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے اراکین موجود تھے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ متوازن طریقے سے ایوان چلایا ہے۔ چیئرمین کو سب پتہ ہوتا ہے کہ ایوان کے اندر حالات کیا ہیں۔
اس موقع پر صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ آپ کو ہٹایا جارہا ہے، آپ کے خلاف تحریک چل رہی ہے، آپ کیا کہیں گے؟ جس پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے جواب دیا کہ میں اس معاملے پر کچھ نہیں کہوں گا۔
وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ ہم تمام لوگ چیئرمین سینیٹ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے احسن انداز میں ایوان کی کارروائی چلائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نے حکومت کے بجائے اپوزیشن کو زیادہ ٹائم دیا۔ ہم چیئرمین سینیٹ کے ہاتھ مضبوط کرنے آئے ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ کئی روز سے اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ہٹانے کا معاملہ زیربحث رہا ہے جبکہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کی باتیں بھی سامنے آرہی ہیں۔
اسی حوالے سے اپوزیشن جماعتوں نے کل جماعتی کانفرنس میں چیئرمین سینیٹ کو آئینی طریقے سے ہٹانے کا فیصلہ کیا تھا جبکہ گزشتہ روز سابق صدر آصف زرداری بھی کہہ چکے ہیں کہ آئینی طور پر صادق سنجرانی کو ہٹانے کے لیے ایوان بالا میں اپوزیشن کو مطلوبہ تعداد میں ووٹ درکار ہیں۔
قبل ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے بھی کہا تھا چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے سے تمام مسائل حل تو نہیں ہوں گے لیکن جعلی مینڈیٹ والی حکومت لرز جائے گی۔