حکومت کے مشکل فیصلوں کو کامیاب کرائیں: جنرل باجوہ

  • جمعہ 28 / جون / 2019
  • 4380

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہےکہ حکومت نے طویل المدتی فوائد کے حصول کے لیے مشکل اور نتیجہ خیز فیصلے کیے ہیں۔  

حکومت کے مشکل فیصلوں کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لیے سب کو مل کر ذمہ داری ادا کرنی چاہیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ’قومی معیشت‘ پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور اور مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سمیت دیگر معاشی ماہرین نے شرکت کی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ قومی اہمیت کے امور پر کھل کر بات چیت ضروری ہے۔ حکومت اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو قومی اہمیت کے معاملات پر بات چیت کرنی چاہئے۔ ملک مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے۔ ماضی میں مشکل فیصلے نہ کرنے سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ ماضی میں ہم مشکل فیصلے کرنے سے کتراتے رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایک قوم بننے کا ہے۔ ہم سب کو اپنی ذمہ داریاں نبھانے کی ضرورت ہے۔ حکومت نے طویل المدتی فوائد کے حصول کے لیے مشکل اور نتیجہ خیز فیصلے کئے ہیں۔  ہم سب کو مشکل حکومتی اقدامات کی کامیابی کے لیے ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔ مشکل حالات میں کوئی فرد واحد قومی اتحاد کے بغیر کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ خطے کی ترقی کے لئے علاقائی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا۔ ملک نہیں بلکہ خطے ترقی کرتے ہیں۔ مشکل فیصلے کرنے سے مختلف ملک معاشی بحران سے کامیابی سے نمٹے ہیں۔  ماضی قریب میں ایسی مثالیں موجود ہیں جب مختلف ممالک کو اسی طرح کےچیلنجز کا سامنا رہا۔ معاشی کاوشوں کو کامیاب بنانے کیلئے سب کو ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ انشااللہ ہم ان مشکل حالات سے سرخرو ہوکر نکلیں گے۔ آرمی چیف نے مزید کہا کہ معاشی استحکام کے بغیر خودمختاری کا تصور بے معنی ہے۔ مسلح افواج نے سالانہ دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لےکر ملکی معیشت کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔