پاکستان کے ساتھ میچ کے بعد افغان تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی پر آئی سی سی نے کارروائی کا فیصلہ کرلیا
- اتوار 30 / جون / 2019
- 5010
کرکٹ کی عالمی تنظیم انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران افغان تماشائیوں کی ہنگامہ آرائی کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم تمام معاملات سے آگاہ ہیں۔ آئی سی سی اسٹیڈیم میں سیکیورٹی اہلکاروں اور یارکشائر پولیس سے رابطے میں ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو۔
آئی سی سی کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم اس طرح کے رویے کو برداشت نہیں کرتے اور چند لوگوں کی جانب سے کیے گئے ہنگامے کے خلاف ایکشن لیا جائے گا جس سے کثیر تعداد میں موجود مداحوں کی تفریح متاثر ہوئی ہے۔
خیال رہے کہ ہیڈنگلے لیڈز میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے ورلڈکپ میچ کے دوران دونوں ممالک کے شائقین آپس میں لڑ پڑے تھے۔ سوشل میڈیا پر پر شیئر ہونے والی ویڈیوز میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ اپنی ٹیم کی وکٹیں گرتی دیکھ کر افغان تماشائی طیش میں آ گئے اور انہوں نے جشن مناتے پاکستانیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
ایک شائق نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ تماشائیوں کے درمیان جھگڑا میچ کے آغاز میں ہی شروع ہوگیا تھا جو بڑھتا ہوا پورے میدان تک پہنچ گیا۔ تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے معاملات کو سنبھالا۔ اس موقع پر پولیس نے فوری طور پر مداخلت کرکے ہنگامہ آرائی کرنے پر 2 افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا اور اسٹیڈیم سے باہر لے گئے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ پاکستانی تماشائی ٹکٹ نہ ملنے کی وجہ سے گراؤنڈ کے باہر موجود تھے اور افغان بلے باز کی تیسری وکٹ گرنے پر پاکستانی تماشائی خوشی منا رہے تھے۔ اسی دوران طیش میں آکر افغان تماشائیوں کی بڑی تعداد نے پاکستانی نوجوان پر تشدد شروع کردیا۔