عمران خان جب کہیں گے سندھ میں تبدیلی آجائے گی: فواد چوہدری
- سوموار 01 / جولائی / 2019
- 5110
وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان جب کہیں گے سندھ میں تبدیلی آجائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سابق صدر کا تعلق چینی مافیا سے ہے، جنہیں آج ایک اور کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔
فواد چوہدری نے بلوچستان کو دیے جانے والے پیسے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اس صوبے کو 30 ہزار کروڑ روپیہ دیا گیا اس کا حساب کیا جانا چاہیے۔ گزشتہ 2 ادوار حکومت کو پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ کرپشن زدہ حکومت قرار دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پچھلے 10 سال میں پاکستان میں جو چوری ہوئی اس کا حساب نہیں ملتا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ 10سال سے حکومت کرنے والے اب جیلوں میں نظر آئیں گے، کوئی بھی بچ نہیں پائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نچلی سطح پر کرپشن کا خاتمہ پاکستان کے لیے ضروری ہے کیونکہ اصل مسئلہ ہی پٹواری اور تھانے دار کی کرپشن ہے جس کے خاتمے سے عام آدمی کو سکون کا احساس ہوگا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت اوپر کی کرپشن ختم ہوچکی ہے اور نچلی سطح کی کرپشن میں واضح کمی آئی ہے اور اس میں مزید کمی آئے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کچھ وعدوں پر اقتدار میں آئی ہے جن میں شفاف حکومت، احتساب اور گڈ گورننس شامل تھے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے دوران احتساب کے عمل میں تیزی آئی ہے۔ شفاف حکومت فراہم کی ہے جس میں ایک سال کے دوران ایک بھی کرپشن کا الزام نہیں لگا جبکہ گڈ گورننس کی پوری کوشش جاری ہے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وزارت کو پہلے اہمیت نہیں دی جاتی تھی، تاہم یہاں اب پی ٹی آئی کی حکومت کے دوران اس میں مزید بہتری لائی گئی ہے۔ اس کا بجٹ دیگر وزارتوں کے برابر رکھا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی توجہ بھی سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب مبذول کروارہے ہیں جس کی وجہ سے اس شعبے میں تبدیلی آئے گی۔