مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرلیا گیا

  • سوموار 01 / جولائی / 2019
  • 4730

پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ کو اینٹی نارکونٹکس فورس  نے لاہور سے گرفتار کر لیا ہے۔

اے این ایف ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کے حکام نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اے این ایف لاہور سے مزید تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق رانا ثنااللہ کو پنجاب کے علاقے سکھیکی کے نزدیک اسلام آباد لاہور موٹر وے سے گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کو لاہور ریجن نے گرفتار کیا ہے اور ان کے خلاف جرم کی نوعیت اور تفصیلات کچھ دیر میں جاری کی جائیں گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطااللہ تارڈ نے صحافیوں کو بتایا کہ رانا ثنااللہ سے ان کا رابطہ ہوا تھا اور وہ سکھیکی کے علاقے سے لاہور روانہ ہورہے تھے جہاں وہ ایک اجلاس میں شرکت کر رہے تھے۔

ذرائع کے مطابق رانا ثنا اللہ سے چند روز قبل سرکاری سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی تھی جس کے حوالے سے انہوں نے قومی اسمبلی کی استحقاق کمیٹی کو بھی تحریری طور پر آگاہ کردیا گیا تھا۔  ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنااللہ چند روز سے اپنی سیکورٹی کے حوالے سے تشویش کا شکار تھے اور سرکاری سیکیورٹی واپس لیے جانے پر نجی گارڈز میں اضافہ کردیا تھا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے اس کو انتقامی کارروائی قرار دیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر میں اپنے بیان میں کہا کہ رانا ثنا اللہ  کوان کے واضح اور دلیرانہ موقف کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے جس کے پیچھے جعلی اعظم ہیں۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) نے سینئر رہنما رانا ثنااللہ کو رواں سال مئی میں پنجاب کا صدر مقرر کیا تھا جبکہ وہ شہباز شریف کی وزارت اعلیٰ کے دوران پنجاب کے وزیر قانون تھے۔