امریکہ نے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشتگردوں کی فہرست میں شامل کرلیا

  • بدھ 03 / جولائی / 2019
  • 5680

امریکہ نے بلوچستان میں سرگرم کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) کو عالمی دہشت گرد تنظیم کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔

امریکہ کی جانب سے یہ قدم 'بی ایل اے' کی ایسی پرتشدد کارروائیوں کے بعد اٹھایا گیا ہے جن میں چینی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ واشنگٹن کی پابندی کے بعد امریکہ میں موجود کسی بھی شخص کی طرف سے گروپ کی معاونت  جرم ہوگی۔ جبکہ گروپ کا کوئی اثاثہ اگر امریکہ میں موجود ہوا تو اسے منجمد کر دیا جائے گا۔

امریکی محکمہ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'پابندی کی زد میں آنے والی بلوچستان لبریشن آرمی ایک مسلح جماعت ہے جو پاکستان اور بالخصوص بلوچ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بناتی ہے۔'

واضح رہے کہ پاکستان 2004 سے بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہا ہے۔ دہشت گردوں نے حال ہی میں چین کی سرمایہ کاری سے چلنے والی تنصیبات پر متعدد حملے کیے ہیں۔  بی ایل اے نے پاکستان میں چینی شہریوں کو متعدد مرتبہ ہدف بنایا ہے۔

'بی ایل اے' کو عالمی دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کرنے کے حوالے سے پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد نے واشنگٹن انتظامیہ کی طرف سے بلوچستان لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد فہرست میں شامل کرنے کے اقدام کو نوٹ کرلیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 'بی ایل اے 2006 سے پاکستان میں کالعدم ہے اور حالیہ عرصے میں ملک میں کئی دہشت گرد حملوں میں ملوث رہی ہے۔' انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکہ کی طرف سے 'بی ایل اے' کو دہشت گرد فہرست میں شامل کرنے سے اس کی سرگرمیاں کا دائرہ کار محدود ہوجائے گا۔

ترجمان نے زور دیا کہ 'قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے، اس کے آرگنائزرز، مالی معاونت اور بیرونی اسپانسرز کا بھی احتساب کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے تک لایا جائے۔'