نیب سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتا: جسٹس جاوید اقبال

  • جمعرات 04 / جولائی / 2019
  • 5220

چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب سیاسی انتقام پر یقین نہیں رکھتا، جو کرے گا وہ بھرے گا۔

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب کا کہنا تھا ادارے کا کام صرف احتساب کرنا ہے اور نیب کی کوشش ہوتی ہے کہ ملک سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے۔  انہوں نے کہا کہ لوگ عدالتوں سے باہر نکل کر کہتے ہیں کہ نیب سیاسی انتقام کا نشانہ بنارہا ہے۔ تاہم نیب کی پالیسی ہے کہ جو کرے گا وہ بھرے گا۔ جس پر ہم قائم ہیں۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ میں سب کو یقین دلاتا ہوں کہ نیب میں سیاسی انتقام کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ آپ ثابت کر دیں کہ نیب کا سیاست سے تعلق ہے۔ اگر ایسا ہوجائے تو میں اپنا عہدہ چھوڑ دوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نیب نے اپنی کارروائی کے دوران لوگوں بالخصوص خواتین کی عزت نفس کا بھرپور خیال رکھا ہے۔ تاہم نیب اپنی ذمہ داری سے رو گردانی نہیں کرے گا۔ ان کا کہا تھا کہ نیب کا کام کسی کو سزا دینا نہیں بلکہ ثبوت عدالت کے سامنے پیش کرنا ہے اور عدالت ہی ملزم کو سزا دیتی ہے۔

پاکستان میں لوگ یہ سوچ بھی نہیں سکتے تھے کہ آج ان سے پوچھ گچھ ہورہی ہے جن سے پہلے کبھی بازپرس نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ نیب کیسز کو عام کیسز سے نہ جوڑا جائے،کیونکہ یہ کیسز حل ہونے میں وقت درکار ہوتا ہے۔ چیئرمین نیب نے ملک میں نیب کے اہلکاروں کی تربیت کے لیے انسٹیٹیوٹ کے قیام پر زور دیا۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ ملک کا 100 ارب ڈالر کا قرض اللے تللوں پر خرچ ہوا۔ اگر ایسا نہ ہوتا تو پاکستان دیگر ممالک کی صفوں میں شامل ہوتا۔  انہوں نے کہا کہ جتنا پیسہ نیب پر خرچ ہورہا ہے، نیب اس سے زیادہ پیسہ قومی خزانے میں لوٹا رہا ہے۔ کیونکہ ہمیں احساس ہے کہ قوم ٹیکس دے کر ہمیں تنخواہ دیتی ہے۔

چیئرمین نیب نے قوم کو یقین دلایا کہ ان کا پیسہ ان کے لیے امانت ہے اور اس میں کبھی خیانت نہیں ہوگی۔