عمران خان 22 جولائی کو امریکی صدر ٹرمپ سے ملاقات کریں گے
- جمعرات 04 / جولائی / 2019
- 4540
وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 22 مئی کو واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ڈاکٹر محمد فیصل نے بتایا کہ امریکی صدر کی دعوت پر وزیر اعظم عمران خان واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ دورے میں دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ وزیراعظم امریکی صدر ٹرمپ سے اہم ملاقات کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ سفارتی سطح پر وزیر اعظم کے دورے کا ایجنڈا طے کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم کو جون میں مدعو کیا تھا لیکن وہ بجٹ سیشن کے باعث اس کو عملی جامہ نہ پہنا سکے‘۔ وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنما ’خطے کے اہم معاملات‘پر گفتگو کریں گے۔
پاکستان نے امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کے آغاز میں معاونت فراہم کی ہے جس کا ساتواں دور آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں شروع ہوگا۔ تاہم اب امریکہ چاہتا ہے کہ اسلام آباد، طالبان کو افغان حکومت کے ساتھ بات چیت پر راضی کرنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ واضح رہے کہ طالبان افغان حکومت کو ’کٹھ پتلی‘ حکومت قرار دیتے ہوئے مذاکرات سے انکار کرچکے ہیں۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے بریفنگ میں مزید کہا کہ بھارت عالمی برادری کو گمراہ نہ کرے اور جموں کشمیر کے زمینی حقائق کو تسلیم کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیر اعظم مودی کو کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر آنے کی دعوت سے متعلق سوال بہت قبل از وقت ہے۔