بنگلہ دیش کو شکست، پاکستان ورلڈ کپ سے باہر
- جمعہ 05 / جولائی / 2019
- 4740
پاکستان نے ورلڈ کپ میں اپنے آخری گروپ میچ میں بنگلہ دیش کو 94 رنز سے شکست دے دی لیکن اس کے باوجود قومی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی ہے۔
لارڈز کے تاریخی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان ٹیم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر فخر زمان اور امام الحق قومی ٹیم کو بڑا آغاز فراہم نہیں کرسکے۔ 23 کے مجموعی اسکور پر قومی ٹیم کی پہلی وکٹ گر گئی۔ اوپنر فخر زمان 31 گیندوں پر 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم نے امامالحق کے ساتھ مل کر 157 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے پراعتماد انداز میں کھیلتے ہوئے 96 رنز بنائے۔ تاہم وہ سنچری بنانے سے پہلے آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ اور امام الحق نے قومی ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور 40 اوورز میں ٹیم نے 2 کھلاڑی آؤٹ پر 240 رنز بنا لیے تھے۔
امام الحق نے آج اچھی اننگ کھیلی اور 100 گیندوں پر 100 رنز مکمل کیے۔ تاہم ایک شاٹ کھیلتے ہوئے وہ ہٹ وکٹ ہو گئے۔ امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد حفیظ بھی چھکا مارنے کی کوشش میں کیچ دے بیٹھے، جس کے فوری بعد ہی نوجوان بلے باز حارث سہیل بھی چھے رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
حارث سہیل کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان سرفراز احمد کریز پر آئے لیکن جلد ہی ایک بال لگنے کی وجہ سے ریٹائرڈ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ عماد وسیم نے جارحانہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس کی بدولت قومی ٹیم نے 300رنز مکمل کر لیے۔ انہوں نے 26گیندوں پر 43رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 315رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض نے عمدہ باؤلنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سیف الدین کے حصے میں تین وکٹیں آئیں۔
پاکستان کو سیمی فائنل تک رسائی کے لیے بہت زیادہ رن ریٹ کی ضرورت تھی جو عملی طور سے ممکن نہ تھا۔ اس طرح اس میچ میں کامیابی کے باوجود پاکستان ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکا۔
ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے اپنی ٹیم کو 26رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد محمد عامر نے سومیا سرکار کو آؤٹ کردیا۔ تمیم اقبال اور شکیب الحسن نے اسکور 48تک پہنچایا ہی تھا کہ شاہین شاہ آفریدی نے مایہ ناز بنگلہ دیشی اوپنر کی وکٹ لے لی۔ مشفیق الرحیم اور شکیب کی جوڑی نے 30رنز کی شراکت قائم کی۔ وہاب نے پاکستان کو کامیابی دلاتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز کو آؤٹ کردیا۔ شکیب کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 58رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاہین شاہ آفریدی نے پاکستانی ٹیم کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے لٹن داس کی 32رنز کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
شاہین نے عمدہ باؤلنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور ٹیم کو سب سے اہم کامیابی دلاتے ہوئے ان فارم شکیب الحسن کو بھی پویلین چلتا کردیا۔ انہوں نے 64رنز بنائے۔ محمد محموداللہ اور مصدق حسین نے 43رنز کی شراکت قائم کی لیکن شاداب خان نے مصدق کی وکٹ حاصل کرکے اس شراکت کا خاتمہ کردیا۔
اگلے ہی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے لگاتار دو گیندوں پر محموداللہ اور سیف الدین کو آؤٹ کرکے میچ میں پانچ وکٹیں مکمل کر لیں۔ مشرفی مرتضیٰ نے دو چھکے مارے لیکن شاداب کی گیند پر وہ اسٹمپ ہو کر پویلین سدھارگئے۔ اس کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے متسفیض کو آؤٹ کر کے بنگلہ دیشی اننگز کا خاتمہ کردیا۔
بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 221 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور پاکستان کو94 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہین شاہ آفریدی کو ان کی شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس کے ساتھ ہی پاکستان کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی ہے کیونکہ اسے سیمی فائنل میں رسائی کے لیے بنگلہ دیش کے خلاف میچ میں 316رنز سے فتح درکار تھی لیکن قومی ٹیم نے بنگلہ دیش کو میچ میں فتح کے لیے 316رنز کا ہی ہدف دیا تھا۔ اس طرح ناقص رن ریٹ کے سبب پاکستان ورلڈ کپ میں سفر تمام ہوا۔