کیلی فورنیا میں 7.1 شدت کا زلزلہ، متعدد افراد زخمی
- ہفتہ 06 / جولائی / 2019
- 4990
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں شدید زلزلے کے باعث متعدد افراد کے زخمی ہونے اور عمارتوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.1 ریکارڈ کی گئی۔
حکام کے مطابق زلزلے سے ریج کریسٹ شہر میں زیادہ نقصان ہوا، زلزلے کے جھٹکوں سے عمارتوں کی بنیادیں ہل گئیں اور لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ جمعرات کو بھی اسی علاقے میں 6.4 شدت کے زلزلہ آیا تھا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ جمعرات کے زلزلے کے بعد علاقے میں 1400 آفٹر شاکس محسوس کیے گئے۔
حکام نے زلزلے کے باعث متعدد عمارتوں میں آگ لگنے اور لوگوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زلزلے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔ شمال مغربی علاقوں میں زیادہ نقصان کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ زلزلے کے جھٹکے کافی دیر تک محسوس کیے گئے، یہ زلزلہ جمعرات کو آنے والے زلزلے سے کئی گنا زیادہ شدت کا تھا۔
لاس اینجلس کے میئر ایرک گریسیٹی کے مطابق متاثرہ علاقوں میں شہریوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے سیفٹی ٹیمیں بھیج دی گئیں ہیں جو مکانات کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ بھی لیں گی۔ فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث بجلی کے پولز کو بھی نقصان پہنچا ہے جس سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی منقطع ہو گئی ہے۔
زلزلے کے جھٹکے میکسیکو اور لاس ویگاس میں بھی محسوس کیے گئے۔ کیلی فورنیا میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں دوبارہ زلزلے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔