عمران خان صدر پیوٹن کی دعوت پر ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے
- ہفتہ 06 / جولائی / 2019
- 4790
پاکستانی وزیراعظم عمران خان نے روسی صدر ویلادی میر پیوٹن کی دورہ روس کی دعوت قبول کرلی ہے۔ وہ ستمبر میں روس کا دورہ کریں گے۔
وزیراعظم کے دورہ روس کی تصدیق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے پریس کانفرنس کے دوران کی۔ انہوں نے بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان دورہ امریکہ کے بعد روس کا بھی دورہ کریں گے۔
ادھر ذرائع کے مطابق روس کے شہر ولادی ووستوک میں ایسٹرن اکنامک فورم 4 سے 6 ستمبر تک منعقد ہوگا جس میں شرکت کے لیے وزیراعظم پاکستان وہاں جائیں گے۔ بھارتی وزیراعظم بھی کانفرنس میں شرکت کے لیے روس جائیں گے اور ایک مرتبہ پھر پاک بھارت وزرائے اعظم ایک چھت کے نیجے اکٹھے ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق روسی صدر نے وزیراعظم پاکستان کو پیغام دیا ہے کہ انہیں کثیر الملکی کانفرنس میں عمران خان کی شرکت سے خوشی ہوگی۔ وزیراعظم عمران خان نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانفرنس میں شرکت کے لیے ضرور جائیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ روسی صدر نے یہ دعوت کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران دی تھی۔