سرفراز بدستور کرکٹ ٹیم کے کپتان رہیں گے
- اتوار 07 / جولائی / 2019
- 4630
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے تصدیق کی ہے کہ وہ قومی ٹیم کی کپتانی نہیں چھوڑ رہے جبکہ انہوں نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دے دیا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد مطمئن نظر آئے۔ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نہ پہنچنے پر قوم سے معافی مانگنے سے متعلق سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ معافی مانگنے کی کوئی بات نہیں۔ ہم دو چار پوائنٹس نہیں بلکہ 11 پوائنٹس کے ساتھ ایونٹ سے واپس آئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس وقت ٹیم کی کپتانی نہیں چھوڑ رہے جبکہ اس کا حتمی فیصلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کرنا ہے کیونکہ سارے فیصلے وہی کرتے ہیں۔ کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے دوران قومی ٹیم کے ایونٹ سے باہر ہونے کے باوجود کھلاڑیوں کی فارمنس کو سرفراز احمد نے بہتر قرار دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا، ہم بد قسمتی سے ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نہیں پہنچ سکے۔
سرفراز احمد نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ پانچ سو رنز سے متعلق بیان پر کہا کہ 'میں نے کبھی ایسا نہیں کہا کہ ٹیم 500 رنز بنائے گی، صرف اتنا کہا تھا کہ اگر معجزہ ہوگیا تو 500 رنز بن سکتے ہیں۔ '
ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ پوری ٹیم ان کی اور کوچ کی مرضی سے ہی منتخب کی گئی تھی جبکہ صرف وہاب ریاض اس ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔ اپنی بیٹنگ پوزیشن کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ میں نے ورلڈکپ میں جانے سے قبل ہی کہا تھا کہ میں نمبر 5 پر کھیلوں گا لیکن ایونٹ کے دوران ہمیں بیٹنگ آرڈر میں تبدیلی کرنا پڑی۔
سرفراز احمد نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں کھلاڑیوں کو بہتر جانتا ہوں۔ اگر مجھے موقع ملے تو میں آئندہ ایونٹ کے لیے ٹیم کو بہتر بنانے کی کوشش کروں گا۔ پاکستان کرکٹ کے اسٹرکچر پر بات کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انہوں نے سنا ہے کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں ٹیموں کی تعداد کو 6 کر دیا گیا ہے تاہم میری تجویز ہے کہ ان کی تعداد 8 کی جائے۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ بھارت سے شکست کے بعد ہمیں بڑی پریشانی کا سامنا ہوا۔ وہ وقت ٹیم کے لیے بہت مشکل تھا۔ کھلاڑیوں کو گراؤنڈ اور گراؤنڈ کے باہر بہت سی باتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی کھلاڑیوں نے اپنے ساتھ ہونے والے واقعات کو بورڈ کے سامنے رپورٹ بھی کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ کے بعد کھلاڑیوں کے لیے 2 روز کا وقفہ لیا گیا، تاہم اس کے بعد ایک میٹنگ کی گئی جس میں کھلاڑیوں کی پرفارمنس کا جائزہ لیا گیا۔
پریس کانفرنس کے آخر میں ورلڈکپ کی فیورٹ ٹیم سے متعلق پوچھے گئے سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی۔