وزیر اعظم دورہ امریکہ کے دوران مہنگے ہوٹلز میں ٹھہرنا نہیں چاہتے

  • سوموار 08 / جولائی / 2019
  • 4410

حکام نے امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے کو آگاہ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان اپنے 3 روزہ دورہ امریکہ کے دوران مہنگے ہوٹلوں کے بجائے پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ میں قیام کے خواہش مند ہیں۔

عمران خان کے دورے میں پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ میں قیام سے دورے کے اخراجات میں کمی آئے گی۔ تاہم امریکہ کے خفیہ ادارے سمیت شہری انتظامیہ نے اس خواہش کی مخالفت کی ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی واشنگٹن آمد پر امریکی خفیہ ادارے ان کی سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالیں گے جبکہ شہری انتظامیہ اس بات کی یقین دہانی کرے گی کہ ان کے دورے سے واشنگٹن کا ٹریفک متاثر نہ ہو۔

امریکی دارالحکومت میں ہر سال کئی ممالک کے صدر اور وزیر اعظم دورہ کرتے ہیں۔ امریکی وفاقی حکومت، شہری انتظامیہ کے ساتھ مل کر اس بات کی یقین دہانی کرتی ہے کہ ان کے دورے سے شہریوں کی زندگی پر اثر نہ پڑے۔

واشنگٹن میں پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ شہر کے درمیان ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع ہے۔ اس کے اطراف بھارت، ترکی اور جاپان سمیت کئی ممالک کے سفارتخانے ہیں جبکہ برازیل، برطانیہ اور جنوبی افریقہ کا سفارتخانہ بھی اس انکلیو سے زیادہ دور نہیں ہے۔

وزیر اعظم عمران خان اپنے دورہ امریکا کے دوران مختلف امریکی عہدیداروں، قانون سازوں، میڈیا اور تھنک ٹینک کے نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان ملاقاتوں کے لیے سفیر کی رہائش گاہ میں مناسب جگہ موجود نہیں ہے۔ ان سب ملاقاتوں کے لیے وزیر اعظم کو اپنے مہمانوں سے پاکستانی سفارتخانے میں ملاقات کرنی ہوگی جو واشنگٹن کی مصروف ترین شاہراہ پر قائم ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہل خانہ کے چند افراد کی رہائش گاہ بھی پاکستانی سفیر کی رہائش گاہ اور سفارتخانے کے درمیان موجود ہیں۔ سفیر کی رہائش گاہ میں  عمران خان کے ٹھہرنے سے اس علاقے میں سڑکوں کی بندش سے دیگر رہائشیوں سمیت متعدد سفیروں کو آنے جانے میں مشکلات کا سامنا رہے گا۔