پنجاب: مدارس میں زیادہ تر غیرملکی طلبا بغیر ویزا کے قیام پذیر ہیں
- سوموار 08 / جولائی / 2019
- 4560
صوبہ پنجاب کے مدارس میں 300 سے زائد غیر ملکی طالب علموں میں سے 286 طلبا ویزے کی مدت ختم ہونے کے باوجود قیام پذیر ہیں اور وہاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
حکام نے مدرسوں کی انتظامیہ کو ان کی دستاویزات وزارت داخلہ کو ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ وہ قانونی کارروائی سے بچ سکیں۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ بھارت، چین، چاڈ، سری لنکا، ایتھوپیا، الجزائر، یوگانڈا، کوموروس، اردن، سینیگال، لیبیریا اور میانمار سمیت 26 ممالک سے 302 طالب علم پنجاب میں موجود ہیں۔
فیلڈ اسٹاف کو معلوم ہوا ہے کہ 286 طالب علموں کے ویزا کی مدت پوری ہوچکی ہے اور وہ اب بھی ملک میں بغیر قانونی دستاویزات کے قیام پذیر ہیں۔ ان تمام غیر ملکی طالب علموں میں سے 20 صرف راولپنڈی میں قیام پذیر ہیں۔ جن میں 12 تھائی لینڈ، 2 ملائیشیا، 2 چین، ایک قازقستان اور ایک فلپائن کا شہری ہے۔
زائد المیعاد ویزا والے طالب علموں میں 70 تھائی لینڈ، 55 فلپائن، 31 انڈونیشیا، 20 ملائیشیا، 20 سوڈان، 20 چین، 14 قازقستان، 14 چاڈ اور 11 الجزائر کے رہائشی ہیں جبکہ 3 بھارتی شہری بھی زائدالمیعاد ویزا کے ساتھ لاہور میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔
اسپیشل برانچ نے تمام مدرسوں سے غیر ملکی طالب علموں کے دستاویزات وزارت داخلہ بھیجنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان کے ویزا میں توسیع دی جاسکے۔ ضلعی پولیس نے مدرسوں کے انتظامیہ سے غیر ملکی طالب علموں کی سیکیورٹی اور ان کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے تعاون کی ہدایت کی ہے۔