مریم نواز نے احتساب جج کی مزید خفیہ ویڈیوز جاری کردیں

  • بدھ 10 / جولائی / 2019
  • 5330

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدرمریم نواز نے احتساب عدالت کے جج ارشد ملک سے متعلق مزید 2 مبینہ خفیہ ویڈیو پوسٹ کی ہیں۔

انہوں نے ان ویڈیوز کے  بارے میں دعویٰ کیا ہے کہ جج ارشد ملک کی ’گرین نمبر پلٹ والی سرکاری گاڑی‘ ناصر بٹ کو لینے آئی اور ناصر بٹ  جج ارشد ملک کی رہائش گاہ پر پہنچے۔  پوسٹ کی گئی  ویڈیو میں موٹرسائیکل سوار نے ریکارڈ نگ کی تاہم پہلی ویڈیو میں کسی کا چہرہ واضح نہیں ہے۔

مریم نواز نے دعویٰ کیا کہ نئی پوسٹ کی گئی ویڈیو جج ارشد ملک کے اس بیان کی نفی کرتی ہیں کہ جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف ناصر بٹ سے فیصلے میں دباؤ کا اظہار نہیں کیا۔  مریم نواز کی جانب سے دوسری پوسٹ کی گئی ویڈیو میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ناصر بٹ جج ارشد ملک کی رہائش گاہ میں داخل ہوئے اور انہوں نے ناصر بٹ سے ملاقات کی اور کمرے کی لائٹ آن کی۔

6 جولائی کو مریم نواز نے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سے متعلق دعویٰ کیا تھا کہ ویڈیو میں نظر آنے والے جج نے فیصلے سے متعلق ناصر بٹ کو بتایا کہ 'نواز شریف کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، فیصلے کے بعد سے میرا ضمیر ملامت کرتا رہا اور رات کو ڈراؤنے خواب آتے۔ جج نے مزید کہا کہ نواز شریف تک یہ بات پہنچائی جائے کہ ان کے کیس میں جھول ہوا ہے۔

انہوں نے ویڈیو سے متعلق دعویٰ کیا کہ جج ارشد ملک ناصر بٹ کے سامنے اعتراف کر رہے ہیں کہ نواز شریف کے خلاف کوئی ثبوت نہیں ہے۔

بعدازاں احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے اپنی پریس ریلیز میں مبینہ خفیہ ویڈیو کو اپنے اور اہلخانہ کے خلاف سازش قرار دیا اور مریم نواز کی جانب سے عائد تمام الزامات کو مسترد کردیا تھا۔