وائٹ ہاؤس نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی تصدیق کردی

  • بدھ 10 / جولائی / 2019
  • 6920

وائٹ ہاؤس نے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کی تصدیق کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ 22 جولائی کو وزیر اعظم عمران خان کا استقبال کریں گے۔'

بیان میں کہا گیا کہ 'عمران خان کے دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے جبکہ ان کے دورے سے امن، اقتصادی ترقی، خطے کے استحکام کے لیے مل کر کام کرنے میں مدد ملے گی۔'

پریس سیکریٹری کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان انسداد دہشت گردی، دفاع، توانائی اور تجارت سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔ واضح رہے کہ وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا یہ امریکہ کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس سے قبل امریکی محکمہ خارجہ نے کہا تھا کہ عمران خان کے دورہ امریکہ سے متعلق وائٹ ہاؤس کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی۔

بریفنگ کے دوران جب ترجمان سے سوال کیا گیا کہ پاکستانی لیڈر عمران خان اس ماہ کے آخر میں امریکہ آرہے ہیں، ان کی ملاقات کا کیا شیڈول ہے؟ اس پر مورگن آرٹگس نے جواب دیا کہ اس دورے کی وائٹ ہاؤس نے تصدیق نہیں کی، میں نے بھی وہی رپورٹس پڑھی ہیں جو آپ کے پاس ہیں۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ اس دورے کی تصدیق یا تردید سے متعلق وائٹ ہاؤس سے رابطہ کریں گی لیکن وہ محکمہ خارجہ کی طرف سے اس وقت کوئی اعلان نہیں کرسکتیں۔ بعد ازاں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان کے جواب کے بعد میڈیا میں آنے والی رپورٹس پر ڈاکٹر محمد فیصل نے ایک ٹوئٹ کی۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ 'ہمیں امید ہے کہ وزیر اعظم کے دورے سے متعلق قیاس آرئیوں سے اجتناب کیا جائے گا۔ ہم امریکی حکام سے قریبی رابطے میں ہیں اور روایتی طور پر باضابطہ اعلان مناسب وقت پر کیا جائے گا۔'