سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بھارت کو ہرا کر فائنل میں پہنچ گئی

  • بدھ 10 / جولائی / 2019
  • 5070

ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے شان دار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 18 رنز سے شکست دے دی۔ اس طرح  مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

مانچسٹر کے اولڈ ٹریفورڈ میں کھیلا گیا میچ گزشتہ روز بارش  کی وجہ سے روک دیا گیا تھا۔  نیوزی لینڈ کی ٹیم نے دوسرے روز اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کی۔

بھارت کی مضبوط ٹیم کو ایک مشکل وکٹ پر جیت کے لیے 240 رنز کا ہدف ملا تھا اور مایہ ناز بلے باز نیوزی لینڈ کی شان دار باؤلنگ کے سامنے گزشتہ میچوں کی طرح  اچھی کارکردگی کا تسلسل دکھانے میں ناکام ہوئے۔

روہت شرما، ویرات کوہلی اور راہول صرف ایک، ایک رن بنا کر پویلین لوٹے تو اس وقت بھارت کا مجموعی اسکور صرف 5 رنز تھا جس کے بعد دنیش کارتک صرف 6 رنز بنا کر 24 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے۔ بھارت کی جانب سے پانچویں وکٹ میں ہرڈیک پانڈیا اور رشبھ پنٹ نے 47 رنز کی شراکت بنائی اور اسکور کو 71 رنز تک پہنچایا تاہم پانٹ 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سابق کپتان دھونی جب بیٹنگ کے لیے آئے تو بھارت کو شدید دباؤ کا سامنا تھا لیکن انہوں نے ذمہ داری نبھاتے ہوئے پانڈیا کے ساتھ 21 رنز کی شراکت بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی  کوشش کی تاہم اس دوران پانڈیا ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو بھارت کا اسکور 6 وکٹوں پر 92 رنز تھا۔

دھونی نے پانڈیا کے بعد جدیجا کے ساتھ 116 رنز کی شان دار شراکت بناکر بھارت کے فائنل تک رسائی کے امکانات  روشن کردیے۔ جدیجا نے شان دار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی نصف سنچری بنائی۔ جدیجا نے 59 گیندوں پر 4 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 77 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔  بھارت کو اس وقت جیت کے لیے مزید 32 رنز درکار تھے۔

تاہم باقی کھلاڑی اس دباؤ کا سامنا نہیں کرسکے اور بھارت کی پوری ٹیم آخری اوور میں 221 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اور بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سیمی فائنل میں 18 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

نیوزی لینڈ نے 2015 کے ورلڈ کپ میں ہوم گراؤنڈ میں جنوبی افریقہ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر آسٹریلیا کے خلاف فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا تھا تاہم فائنل میں یک طرفہ مقابلے کے بعد اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

بھارت کی ٹیم بھی ورلڈ کپ 2015 کے سیمی فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی تھی تاہم سیمی فائنل میں اسے آسٹریلیا کے ہاتھوں 95 رنز کے واضح مارجن سے شکست ہوئی تھی۔