عالمی طاقتیں افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار کی معترف ہیں

  • ہفتہ 13 / جولائی / 2019
  • 4430

امریکہ، چین اور روس نے مشترکہ طور پر پاکستان کے 4 فریقین پر مشتمل مشاورتی عمل کا حصہ بننے کا خیر مقدم کیا ہے، جس کا مقصد افغانستان میں 18 سال سے جاری جنگ اور خونریزی ختم کرنا ہے۔

اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ چین، روس اور امریکہ پاکستان کو مشاورتی عمل کا حصہ بننے پر خوش آمدید کہتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ افغان مفاہمتی عمل میں معاونت فراہم کرنے لیے پاکستان اہم کردار ادا کرے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’افغان مفاہمتی عمل کے لیے کی جانے والی کوششوں پر چین، روس اور امریکہ کی جانب سے پاکستان کو سراہا گیا ہے‘۔ بیان میں افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے کردار اور اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ افغانستان میں ہونے والی کسی بھی پیش رفت کا اثر پاکستان پر بھی پڑتا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کا بھی یہ کہنا ہے کہ ملک میں بڑی پشتون آبادی کے سبب پاکستان کو افغان مفاہمتی عمل میں ضرور شامل ہونا چاہیے اور امریکہ کو افغانستان میں کسی بھی ڈیل کی صورت میں پاکستان کے مفادات کو نظر انداز کرنے سے گریز کرنا چاہیے۔