پاکستان اور بھارت کے مابین ٹریک ٹو ڈپلومیسی پھر شروع ہوگئی
- ہفتہ 13 / جولائی / 2019
- 4790
پاکستان اور بھارت کے درمیان ٹریک ٹو مذاکرات کا انعقاد آج (بروز ہفتہ) سے ہوگا جو 2 روز تک جاری رہے گا۔
’سیاست اور اعتراضات سے قطع نظر مشکل راہوں پر نیا آغاز‘ کے عنوان سے ان مذاکرات کی میزبانی ریجنل پیس انسٹیٹیوٹ کرے گا۔ یہ بات چیت اس اقدام کا پہلا دور ہے جبکہ دوسرا دور ستمبر میں نئی دہلی میں ہوگا۔
تقریب کے میزبان اور ریجنل پیس انسٹیٹیوٹ کے بانی رؤف حسن نے ٹوئٹ پیغاممیں کہا ہے کہ ’یہاں ہم بالآخر اس مشکل گرہ کو کھولنے کی کوشش کریں گے۔ ممکنات کی مہک ہمیشہ مستبقل کے بارے میں میری امیدوں کو برقرار رکھتی ہے۔ چلیں امن و مصالحت کے لیے کل ایک کام کرتے ہیں‘۔
اس میں سے پہلا سیشن نوجوانوں کی سربراہی میں مفاہمت اور ترقی کی نئی راہیں تلاش کرنے کے حوالے سے ہوگا جبکہ دوسرا سیشن درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے بارے میں ہوگا۔
مذاکرات کے دوسرے روز ہونے والے اجلاس میں سیکریٹری خارجہ سہیل محمود شرکا سے خطاب کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے مابین ٹریک ٹو ڈپلومیسی کا آخری اجلاس گزشتہ سال 28-30 اپریل کو ہوا تھا۔
رواں برس دونوں ممالک کے تعلقات میں تلخی اور بھارتی انتخابات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بات چیت کے تمام سلسلوں کو روک دیا تھا۔