مجھے دبانے اور رشوت دینے کی کوشش کی جارہی ہے: عمران خان

  • ہفتہ 13 / جولائی / 2019
  • 4490

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستانی مافیا انہیں بھی رشوت کی پیشکش کر رہا ہے۔ اور اداروں کو بلیک میل کرنے کے علاوہ انہیں دھمکیاں بھی دے رہی ہے۔

ایک ٹوئٹ پیغام میں وزیراعظم عمران خان منی لانڈرنگ کرنے والوں کو سسیلین مافیا قرار  دیا۔  وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سسلین مافیا کی طرح پاکستانی مافیا بھی  ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ مافیا منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک جمع کی گئی اپنی دولت کا تحفظ چاہتا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ریاستی اداروں اور عدلیہ پر دباؤ ڈالا جارہا ہے جبکہ انہیں رشوت کی پیشکش کی جارہی ہے اور بلیک میلنگ اور دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

وزیراعظم کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم اورنگزیب نے انہیں بھی مافیا کا حصہ قرار دے دیا۔  ایک ٹوئٹ میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’آپ اس مافیا کا حصہ ہیں جو اپنے سیاسی حریف سے انتقام لینے کے لیے ججز پر دباؤ ڈالتا ہے‘۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ 'یہ آپ ہیں جنہوں نے سیاسی حریف کے خلاف پوائینٹ اسکورنگ کرنے اور ان کی شخصیت کو مسخ کرنے اور بدنام کرنے کے لئے اداروں کا استعمال کیا۔'

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ  عمران خان نے ایک منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش اور بے گناہ کے ساتھ ظلم کیا۔  انہوں نے وزیراعظم عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'سسلین مافیا کے سردار آپ ہیں، جو دھوکا، سازش اور ظلم کرتا ہے۔'