بھارت اور نیپال میں مون سون بارشوں سے تباہی، 40 افراد ہلاک

  • اتوار 14 / جولائی / 2019
  • 5230

بھارت اور نیپال میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے درمیان مون سون کی طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے تقریباً 40 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق جنوبی ایشیا میں ہر سال جون سے ستمبر تک مون سون کی بارشوں کے باعث وسیع پیمانے پر تباہی اور اموات ہوتی ہیں۔  نیپال کے مشرقی اور جنوبی حصوں میں سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آکر تقریباً 27 افراد ہلاک ہوئے۔

نیپالی پولیس کے ترجمان بیشوارج نے بتایا کہ زخمیوں کے اعداد و شمار میں 11 کا مزید اضافہ ہوا، جبکہ 15 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔  انہوں نے بتایا کہ کھٹمنڈو میں دیوار منہدم ہونے سے 3 افراد ہلاک ہوئے۔

دوسری جانب وزارت داخلہ کے حکام نے بتایا کہ پہلی ترجیح لوگوں کی جان بچانے پر مرکوز ہے تاہم تمام دستیاب وسائل متاثرہ علاقوں میں لگادیا گیا۔  انہوں نے بتایا کہ پولیس امدادی رضاکاروں کے ہمراہ کشتیوں کے ذریعے متاثرین کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے میں مصروف ہے۔  نیپال کے محکمہ موسمات نے دریائے کوشی سے متعلق ہائی الرٹ جاری کردیا اور علاقے میں موجود لوگوں کو بذریعہ ایس ایم ایس خبردار کیا۔

بھارت کی شمال جنوب میں ریاست آسام اور اروناچل پردیش میں طوفانی بارش سے تقریباً 11 افراد ہلاک ہوگئے۔  بھارتی حکام کے مطابق آسام کے تمام 21 اضلاع مون سون کے ریلوں سے متاثر ہوئے۔

بنگلہ دیش کی امدادی تنظیمیں اقوام متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کے تحت روہنگیا پناہ گزینوں کو راشن فراہم کر رہی ہیں۔ سیلاب سے ایک بچے سمیت 2 افراد کی ہلاکت کی اطلاع ہے۔  واضح رہے کہ گزشتہ سال جنوبی ایشیا میں مون سون کے موسم میں تقریباً 12 سو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا 100 سالہ تاریخ میں سب سے زیادہ متاثر ہوئی تھی۔

کیرالا بھارت کا ایک مشہور سیاحتی علاقہ ہے جہاں آبشار ساحلوں اور خوبصورت پہاڑوں کو دیکھنے لوگ دور دراز سے آتے ہیں۔