وادی نیلم میں طوفانی بارش و سیلاب سے 22 افراد جاں بحق
- سوموار 15 / جولائی / 2019
- 8470
وادی نیلم میں طوفانی بارش اور سیلاب سے تبلیغی جماعت کے 18 افراد سمیت 22 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہوگئے ہیں۔
حکام کے مطابق مظفرآباد سے 70 کلومیٹر شمال مشرق میں وادی نیلم میں لیسوا بالا گاؤں میں کلاؤڈبرسٹ (طوفانی بارش) سے مسجد اور گھر بہہ گئے۔ جس کے نتیجے میں 22 افراد جاں بحق ہوگئے۔ مظفرآباد ریجن کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس سردار الیاس خان کے مطابق فیصل آباد سے تبلیغی جماعت اس علاقے میں آئی تھی جبکہ دیگر جاں بحق اور زخمی افراد مقامی رہائشی ہیں۔
انہوں نے بتایا جس مسجد میں تبلیغی جماعت موجود تھی وہ مکمل طور پر بہہ گئی جبکہ دیگر 2 مساجد بھی بری طرح متاثر ہوئی ہیں۔ ڈی آئی جی نے بتایا کہ سیلاب کے باعث 50 گھر اور دکانیں مکمل طور پر تباہ ہوگئے جبکہ 100 دیگر گھروں و دکانوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا۔ اس کے علاوہ طوفانی بارش اور سیلاب کے باعث 12 گاڑیاں بھی لاپتہ ہوگئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پہاڑی علاقہ ہے اور وہاں فکسڈ لائن یا موبائل فون کی سہولت نہیں ہے جس کی وجہ سے صحیح تفصیلات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر راجہ محمود شاہد اور ایس پی آصف درانی نے ریسکیو آپریشن کا جائزہ لیا لیکن اب تک لیسوا اور دریائے نیلم سے کوئی لاش برآمد نہیں ہوئی۔ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے ایک پیغام میں واقعے پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ لاشوں کی تلاش کے لیے کوششیں تیز کریں اور بچ جانے والے افراد کو ریلیف فراہم کریں۔
قبل ازیں متاثرہ علاقوں کے دورے پر پہنچنے سے پہلے آزاد کشمیر کے وزیر برائے سول ڈیفنس اور ڈیزاسٹر منیجمنٹ احمد رضا قادری کا کہنا تھا کہ بچ جانے والوں کے لیے بحالی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔