انضمام الحق نے سلیکشن کمیٹی کی سربراہی چھوڑنے کا اعلان کردیا

  • بدھ 17 / جولائی / 2019
  • 4570

پاکستان کرکٹ بورڈ  کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین انضمام الحق نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ہے۔  انہوں نے ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو اطمینان بخش قرار دیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق کا کہنا تھا کہ میں نے 3 سال اس عہدے پر کام کیا لیکن اب مزید کام نہیں کرسکتا۔  ایک سوال کے جواب میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ اگر بورڈ نے مجھے کسی دوسرے عہدے کی پیشکش کی  تو میں اس پر ضرور غور کروں گا۔  تاہم انہوں نے کہا کہ انہیں اب تک کرکٹ بورڈ کی جانب سے کسی عہدے کی پیشکش نہیں کی گئی۔ انہوں نے آزادی سے کام کا موقع دینے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔

کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں قومی ٹیم کرکٹ کی کارکردگی کو انضمام الحق نے اطمینان بخش قرار دے دیا۔  ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی میچوں میں پاکستان ٹیم کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن اختتامی میچ میں قومی ٹیم علیحدہ انداز میں دکھائی دی۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم نے دونوں فائنلسٹ ٹیموں کو شکست دی لیکن بدقسمتی سے ہماری ٹیم سیمی فائنل میں جگہ نہیں بناسکی۔

شعیب ملک سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں سابق کپتان کا کہنا تھا کہ لیجنڈ آل راؤنڈر ورلڈکپ سے قبل گزشتہ 3 سال سے ٹیم کا حصہ تھے۔ انہوں نے 50 سے 60 میچز کھیلے اور ان میں پرفارمنس دکھائی اور اسی بنیاد پر انہیں ٹیم کا حصہ بنایا گیا۔

امام الحق سے متعلق سوال کے جواب میں انضمام الحق کا کہنا تھا کہ ہم دونوں ایک دوسرے کے لیے انتہائی اہمیت کے حامل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دیکھ رہا ہوں کہ یہ پہلا پاکستانی اوپنر ہے جس کا رن ریٹ اتنے میچز کھیلنے کے باوجود 50 سے زائد ہے۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میرے  سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بننے سے پہلے امام الحق انڈر 19 ٹیم کا حصہ تھے۔