حافظ سعید دہشت گردی کی مالی معاونت کے الزام میں گرفتار

  • بدھ 17 / جولائی / 2019
  • 5410

محکمہ انسداد دہشت گردی کے حکام نے کہ جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمد سعید کو دہشت گردی کی مالی معاونت کے کیس میں گرفتار کرلیا ہے۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق حافظ سعید گوجرانوالہ میں انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب جارہے تھے کہ انہیں گوجرانوالہ کی حدود میں داخل ہوتے ہی گرفتار کرلیا گیا۔ حافظ سعید کو نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے میڈیا کو تفصیلات بعد میں  جاری کی جائیں گی۔ جماعت الدعوۃ کے ترجمان نے بھی خبر کی تصدیق کی.

رواں ماہ کے آغاز میں کالعدم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید اور نائب امیر عبدالرحمٰن مکی سمیت 13 رہنماؤں کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت دہشت گردی کی مالی معاونت، منی لانڈرنگ کے 2 درجن سے زائد مقدمات درج کیے گئے تھے۔

یکم اور 2 جولائی کو جماعت الدعوۃ کے رہنماؤں کے خلاف سی ٹی ڈی کے لاہور، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا میں موجود پولیس اسٹیشنز میں تقریباً 23 مقدمات درج کیے گئے تھے۔ سی ٹی ڈی کا کہنا تھا کہ جماعت الدعوۃ اپنے فلاحی ادارے الانفال ٹرسٹ، دعوۃ ارشاد ٹرسٹ، معاذ بن جبل ٹرسٹ وغیرہ کے ذریعے جمع ہونے والا فنڈ دہشت گردوں کی مالی معاونت کے لیے استعمال کرتی ہے۔

ان تمام فلاحی اداروں کی تحقیقات کے بعد جماعت الدعوۃ سے تعلق کا پتہ لگنے پر اپریل کے مہینے میں ان پر اور ان کی اعلیٰ قیادت پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ دو روز قبل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جماعت الدعوۃ کے سربراہ اور دیگر  3 افراد  پر مدرسے کی زمین غیرقانونی طور پر استعمال کرنے کے مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی۔