شاہد خاقان عباسی کو بھی قومی احتساب بیورو نے گرفتار کرلیا

  • جمعرات 18 / جولائی / 2019
  • 4550

نیب نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ شاہد خاقان عباسی جماعت کے صدر شہباز شریف کی پریس کانفرنس میں شرکت کے لیے جمعرات کو لاہور جا رہے تھے کہ انہیں موٹر وے کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ نیب نے سابق وزیراعظم کو ایل این جی کی درآمد کے معاملے میں تحقیقات کے لیے نیب راولپنڈی نے جمعرات کو طلب بھی کیا ہوا تھا۔

ان پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیرِ پیٹرولیم ایک ایل این جی ٹرمینل کا ٹھیکہ مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو دیا۔ نیب کا کہنا ہے کہ من پسند کمپنی کو ایل این جی ٹرمینل کا 15 برس کے لیے ٹھیکہ دینے سے قومی خزانے کو مبینہ طور پر اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ نواز کے دور میں پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے قطر سے ایل این جی گیس برآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس منصوبے کی حزب اختلاف کی جماعتوں نے مخالفت کی تھی اور بعد میں اس میں بدعنوانی کے الزامات بھی عائد کیے گئے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی قیادت کے اہم ترین رہنما اس وقت جیل میں ہیں جن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف، خواجہ سعد رفیق، سلمان رفیق، حمزہ شہباز اور رانا ثنا اللہ شامل ہیں۔  قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور جماعت کے صدر شہباز شریف کو بھی جیل بھیجا گیا تھا لیکن وہ ضمانت پر رہا ہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور کہ نیب عمران حکومت کا آلہ کار بن چکا ہے اور اسے سیاسی انتقام کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ تاہم ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔