خیبرپختونخوا: قبائلی اضلاع کی 16 صوبائی نشستوں پر پولنگ
- ہفتہ 20 / جولائی / 2019
- 4580
خیبر پختونخوا میں گزشتہ برس ضم ہونے والے 7 قبائلی اضلاع کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے پولنگ جاری ہے جو صبح 8 بجے شروع ہونے کے بعد شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
خیبر پختوخوا اسمبلی کی 16 عام نشستوں پر سیاسی جماعتوں، سابق اراکین اسمبلی اور آزاد امیدواروں کے مابین دلچسپ مقابلے کی توقع ہے۔ آج ہونے والے انتخابات میں 28 لاکھ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے جس میں مردوں کی تعداد 16 لاکھ 70 ہزار جبکہ خواتین ووٹرز کی تعداد 11 لاکھ 30 ہزار ہے۔
قبائی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات کے لیے ایک ہزار 896 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ان میں 4 سو 82 مردوں کے جبکہ 3 سو 76 پولنگ اسٹیشنز خواتین کے ہیں جبکہ ایک ہزار 39 پولنگ اسٹیشنز مشترکہ ہیں۔ 554 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 461 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف نے تمام نشتسوں پر امیدوار کھڑے کیے ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ایف) نے 15، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 14 اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 13 نشتسوں سے انتخابات میں حصہ لیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 5 امیدوار، جماعت اسلامی نے 13 اور قومی وطن پارٹی نے 3 نشستوں پر انتخاب میں حصہ لے رہی ہیں۔ 20 جولائی کو ہونے والی ووٹنگ کے لئے 202 آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
انتخابات میں سیکیورٹی فراہم کرنے کے لئے 34 ہزار 497 سیکیورٹی اہلکاروں کو تمام اضلاع میں تعینات کیا گیا ہے۔ ان میں فوج، پولیس، فرنٹیئر کور، لیویز اور خاصہ دار فورس کے اہلکار شامل ہیں۔