عمران خان آرمی چیف کے ہمراہ امریکہ کے دورہ پر روانہ ہوگئے

  • ہفتہ 20 / جولائی / 2019
  • 5490

وزیر اعظم عمران خان امریکہ کے تین روزہ دورہ پر اسلام آباد سے ایک کمرشل فلائٹ پر واشنگٹم روانلہ ہوگئے ہیں۔ ان کے ہمراہ دیگر لوگوں کے علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی شامل ہیں۔

واشنگٹن میں موجود پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ایک روز قبل بتایا تھا کہ کہ تین روزہ دورہ امریکہ میں عسکری قیادت بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ ہوگی۔ واشنگٹن میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان  کمرشل فلائٹ کے ذریعے واشنگٹن پہنچیں گے۔

وزیر اعظم عمران خان 21 جولائی کو تین روزہ سرکاری دورے پر امریکہ روانہ ہو رہے ہیں جہاں 22 جولائی کو ان کی ملاقات صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہو گی۔ پاکستانی وزیر خارجہ گزشتہ روز امریکہ پہنچے تھے۔

وزیر اعظم عمران خان کا یہ دورہ بظاہر انتہائی پراسرار طور پر طے ہوا ہے۔  وہائٹ ہاؤس کے ایک اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ  صدر ٹرمپ اور عمران خان کے درمیان ملاقات کے دوران امریکہ اور پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی تاکہ خطے میں امن، استحکام اور معاشی آسودگی کی راہ ہموار ہو سکے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ماضی میں امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حالات کی وجہ سے امریکہ اور پاکستان کے تعلقات میں عدم اعتماد پایا جاتا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اب  فریق دوطرفہ تعلقات میں بہتری کے خواہاں ہیں۔ ’امریکہ کے ساتھ تعلقات میں بہتری کا آغاز وزیر خارجہ پومپیو کے دورہ پاکستان سے ہوا۔‘

ابھی چند روز قبل ہی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کی گرفتاری پر اپنے پیغام میں اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دس سال کی تلاش کے بعد یہ گرفتاری عمل میں آئی۔ امریکہ میں عمران خان کی مصروفیات کے حوالے سے شاہ محمود قریشی نے بتایا کہ واشنگٹن میں وزیر اعظم کی تاجروں کے وفد سے بھی ملاقات ہو گی۔

اسلام آباد سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان امریکہ کے تین روزہ دورے پر واشنگٹن روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم کے ہمراہ مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی امور زلفی بخاری اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی امریکہ کے لیے روانہ ہوئے ہیں۔

گزشتہ برس اقتدار سنبھالنے کے بعد وزیراعظم کا امریکہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسی کے امور اور افغان مفاہمتی عمل کے حوالے سے گفتگو کی جائے گی۔ وزیراعظم کمرشل پرواز کے ذریعے دورے پر روانہ ہوئے جو براستہ دوحہ سے امریکہ پہنچے گی۔

دورے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے گزشتہ روز وزیر خارجہ نے بتایا تھا کہ امریکی صدر اور وزیراعظم عمران خان کے درمیان ملاقات کی 2 نشستیں ہوں گی۔ پہلی نشست اوول آفس اور دوسری کیبنٹ ڈویژن میں ہوگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ وزیر اعظم امریکی میڈیا کو بھی انٹرویوز دیں گے اور اس کے بعد بعض حضرات سے انفرادی ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم پاک امریکہ بزنس کونسل کے نمائندوں سے بھی ملیں گے اور اسپیکر نینسی پلوسی کے ساتھ بھی نشست ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ہم مانگنے کے لیے امریکہ نہیں آئے۔

واشنگٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان وائٹ ہاؤس کا دورہ کریں۔ وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں وائٹ ہاؤس میں ظہرانہ ہوگا۔