ہم بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں: آصف زرداری کا عمران خان کو جواب
- سوموار 22 / جولائی / 2019
- 4810
پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسے بتاؤ کہ ہم بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر آصف علی زرداری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔ ایک صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ عمران خان کہہ رہے ہیں کہ امریکہ سے واپسی پر آپ سے تمام سہولیات واپس لے لیں گے؟ جس پر آصف علی زرداری کہا کہ سہولتیں کونسی ہیں جو واپس لے لیں گے۔ اسے بتاؤ کے ہم پہلے ہی بیرکوں میں رہنے کے عادی ہیں۔
دوران گفتگو چیئرمین سینیٹ سے متعلق سوال پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ چیئرمین سینیٹ نہ میں نے بنایا ہے نہ میں انہیں اتاررہا ہوں۔ اس پر صحافی نے سوال کیا کہ وہ کہتے ہیں کہ چیئرمین سینیٹ نہیں ہوں گے تو ڈپٹی چیئرمین بھی نہیں ہوں گے؟ جس پر آصف زرداری نے کہا کہ یہ ان کی اپنی مرضی ہے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دورہ امریکہ کے دوران واشنگٹن میں پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ واپسی پر نواز شریف اور آصف زرداری کو جیل میں دی گئی ٹی وی اور اے سی کی سہولیات واپس لے لیں گے۔
وزیر اعظم نے سابق صدر آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ جب بھی جیل میں جاتے ہیں تو بیمار ہوکر اسپتال منتقل ہوجاتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے آصف زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ آپ کو بھی جیل میں رکھیں گے، وہاں نہ ٹی وی ہوگا، نہ اے سی ہوگا‘۔
یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہیں۔ ان کا کئی مرتبہ ریمانڈ بھی لیا جاچکا ہے۔