افغانستان کو صفحہ ہستی سے مٹانے کے بیان پر امریکہ سے وضاحت طلب کرلی گئی

  • بدھ 24 / جولائی / 2019
  • 6080

افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ امریکہ کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے افغانستان سے متعلق اس بیان پر وضاحت کرنی چاہیے، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ باآسانی جنگ جیت سکتے ہیں لیکن وہ ’ایک کروڑ لوگوں کو قتل نہیں‘ کرنا چاہتے۔

امریکی صدر نے پیر کو وائٹ ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کچھ حیران کن بیانات دیے۔ ان میں ایک یہ بیان بھی شامل تھا کہ ان کے پاس افغان تنازع کے جلد حل کے لیے منصوبے تھے لیکن اس سے یہ ملک ’صفحہ ہستی سے‘ مٹ جاتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ افغانستان ’ختم ہوجائے گا اور یہ واقعی 10 دن میں ختم ہوجائے گا‘ لیکن ’میں اس راستے پر جانا نہیں چاہتا‘ اور لاکھوں لوگوں کو قتل نہیں کرنا چاہتا۔

امریکی صدر کے ان بیانات نے افغانستان میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ امریکی صدر کے بیان پر افغان صدر اشرف غنی کے دفتر سے جاری ہونے والے  بیان میں کہا گیا  ہے کہ ’اسلامی جمہوریہ افغانستان کی حکومت امریکی صدر کے پاکستانی وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران ظاہر کئے گئے خیالات پر سفارتی ذرائع اور چینلز کے ذریعے وضاحت کا مطالبہ کرتی ہے‘۔

افغان صدر کے بیان میں کہا گیا ’افغان حکومت ملک میں قیام امن کے لیے امریکی کوششوں کی حمایت کر رہی ہے تاہم حکومت یہ سمجھتی ہے کہ غیرملکی سربراہان مملکت افغان قیادت کی غیرموجودگی میں افغانستان کی قسمت کے فیصلے کا تعین نہیں کرسکتے‘۔

دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات پر سوشل میڈیا پر بھی افغان شہریوں کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔