عام انتخابات کو ایک سال مکمل: اپوزیشن کے یوم سیاہ کے جواب میں پی ٹی آئی کا یوم تشکر
- جمعرات 25 / جولائی / 2019
- 4790
انتخابات 2018 کو ایک سال مکمل ہونے پر پاکستان تحریک انصاف 25 جولائی کو یومِ تشکر منا رہی ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں آج کے دن کو یوم سیاہ قرار دے کر احتجاجی مظاہرے کررہی ہیں۔
گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت کے طور پر سامنے آئی تھی، جس نے قومی اسمبلی میں کل ووٹوں میں سے تقریباً ایک تہائی ووٹ حاصل کیے تھے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعداد و شمار کے مطابق پی ٹی آئی نے 25 جولائی کو ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر ایک کروڑ 68 لاکھ 51 ہزار 240 ووٹ حاصل کیے تھے۔
انتخابات میں کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر تحریک انصاف آج یومِ تشکر منا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی رہنماؤں نے سماجی روابط کی ویب سائٹ پر یومِ تشکر کے حوالے سے پیغامات پوسٹ کیے اور اس میں اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی گئی۔
صوبہ پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ 25 جولائی ایک خوبصورت سفر کا آغاز تھا جو بدعنوانی سے احتساب، ذاتی مفاد سے قومی مفاد، موروثی حکمرانی سے میرٹ اور منافقت سے جمہوریت کا سفر تھا۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے پیغام میں کہا کہ 25 جولائی عوامی شعور کے اظہار کا دن ہے۔
سابق وزیر خزانہ اور تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ایک سال قبل پاکستانی عوام نے مک مکا کی سیاست کو دفن کرنے کے لیے ووٹ دیا، ایک بہتر پاکستان کی جدو جہد صرف انتخابات جیتنے سے ختم نہیں ہوئی ہے۔
وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کے دن عوام نے عمران خان کی قیادت میں مافیا کو تاریخی شکست دی اور پاکستان میں جمہوریت جیتی جس سے ایک نیا سفر شروع ہوا۔
اپنے پیغام میں ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ سفر کٹھن ہے، راہ گزر کانٹوں سے پر اور سنگلاخ لیکن منزل ایک ترقی کرتا پاکستان ہے۔ اس سفر میں ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے۔