انتخابات میں دھاندلی کے خلاف اپوزیشن کا یوم سیاہ، حکومت پر سخت تنقید

  • جمعرات 25 / جولائی / 2019
  • 5270

عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف حزب اختلاف کی جماعتیں آج یوم سیاہ منارہی ہیں جبکہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں کے علاوہ مختلف شہروں میں احتجاجی جلسے کیے گئے۔

ملک بھر میں جلسوں کی تیاریاں جاری ہیں جہاں اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)، جمعیت علمائے اسلام (ف)، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سمیت دیگر جماعتوں کے رہنما خطاب کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے آبائی شہر لاہور کے بجائے کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کریں گی جس کے لیے وہ لاہور سے کوئٹہ پہنچ چکی ہیں۔

لاہور میں مسلم لیگ (ن)، کراچی میں پیپلزپارٹی، کوئٹہ میں پی کے میپ اور پشاور میں جے یو آئی (ف) جلسوں کی میزبان ہیں۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اور اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان نے پشاور میں جلسے سے مختصر خطاب کیے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف لاہور جبکہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں جلسے سے خطاب کریں گے۔  کراچی میں اپوزیشن جماعتیں باغ جناح میں جلسہ کریں گی جس کے وسیع و عریض میدان میں کرسیاں لگا کر اسٹیج بھی سجایا گیا ہے۔

پنجاب کے دارالحکومت کے مال روڈ پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ہمراہ دیگر سیاسی جماعتیں جلسہ کریں گی جہاں لیگی صدر شہباز شریف اور رہنما تقاریر کریں گے۔  لاہور میں پیپلز پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)، جمعیت اہلحدیث اور اے این پی کے رہنما بھی خطاب کریں گے۔

واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی تاہم لیگی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ انہیں اجازت ملے یا نہ ملے لیکن جلسہ ضرور ہوگا۔ تمام جلسہ گاہوں کے لیے پولیس نے سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا، جہاں ہزاروں مرد اور خواتین پولیس اہلکار فرائض انجام دیں گے۔