محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

  • جمعہ 26 / جولائی / 2019
  • 5200

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے تاہم وہ ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے رہیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ  بیان میں محمد عامر نے کہا ہے کہ ’ کرکٹ کے روایتی فارمیٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز تھا۔ میں نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا ہے تاکہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرسکوں‘۔

محمد عامر نے کہا کہ ’ میر اصل مقصد قومی ٹیم کی نمائندگی کرنا ہے اور مستقبل میں مختلف میچز اور آئندہ برس آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں اپنا بہترین کردار ادا کرنے کی کوشش کروں گا‘۔ ان کا کہنا تھا کہ  وہ کچھ عرصے سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوچ رہے تھے اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔

محمد عامر نے کہا کہ ’ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ قریب ہے اور پاکستان میں بہترین نوجوان فاسٹ باؤلرز موجود ہیں۔ اس لیے بہتر ہے کہ میں ریٹائر ہوجاؤں تاکہ سلیکٹرز انہیں قومی ٹیم میں جگہ دے سکیں‘۔ انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ٹیم کے تمام ساتھی کھلاڑیوں اور مخالفین کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے ساتھ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ایک اعزاز تھا۔

فاسٹ باؤلر محمد عامر نے مزید کہا ہے کہ میں امید کرتا ہوں کہ ہم اسی عزم اور حوصلے کے ساتھ محدود دورانیے کی کرکٹ بھی کھیلتے رہے گے۔  محمد عامر نے کہا کہ ’ مجھے اپنے سینے پر گولڈن اسٹار لوگو لگانے کا موقع فراہم کرنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا مشکور ہوں‘۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے تمام کوچز کا بھی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے کیرئیر کے مختلف مراحل میں رہنمائی کی۔

محمد عامر نے جولائی 2009 میں سری لنکا کے خلاف میچ سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا تھا ۔ انہوں نے 36 ٹیسٹ میچز میں 30.47 اوسط سے 119 وکٹیں حاصل کیں۔  انہوں نے اپریل 2017 میں کنگسٹن میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 44 رنز کےعوض 6 وکٹیں حاصل کرکے بہترین پرفارمنس دکھائی تھی۔

ٹیسٹ کرکٹ سے محمد عامر کی ریٹائرمنٹ کے فیصلے پر پی سی بی کے مینیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے کہا کہ ’ عامر کا شمار ٹیسٹ کرکٹ میں موجودہ دور کے بہترین فاسٹ باؤلرز میں ہوتا ہے۔ بطور نوجوان کرکٹر محمد عامر نے مشکلات پر قابو پایا اور نہ صرف ایک کرکٹر بلکہ ایک بہتر انسان بھی بنے‘۔

ایم ڈی پی سی بی نے کہا کہ قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم میدان اور ڈریسنگ روم میں ان کی کمی محسوس کریں گے۔

محمد وسیم نے کہا کہ  ہم محمد عامر کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں اور امید ہے وہ کرکٹ کے دیگر فارمیٹ میں اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔