دوہری شہریت والے پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دینے کا فیصلہ
- جمعہ 26 / جولائی / 2019
- 11300
حکومت پاکستان نے دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کو ملک کے انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اجازت دینے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ملک کے سیاسی عمل میں شریک ہونے کا موقع فراہم کیا جانا ملک کے عین مفاد میں ہے۔ اس حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ تمام ضروری مراحل بشمول متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم کرنے کا عمل جلد شروع کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے سابق حکمرانوں سے نجی دوروں کی مد میں سرکاری خزانے سے اٹھنے والے اخراجات وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں دو سابق وزارئے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف اور سابق صدر ممنون حسین کے بیرون ملک دوروں پر اٹھنے والے اخراجات کی تفصیل پیش کی گئی۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سابق حکمرانوں کے نجی دوروں کی مد میں سرکاری خزانے سے اٹھنے والے اخراجات ان حکمرانوں سے وصول کیے جائیں گے اور اس عمل کا فوری طور پر آغاز کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ سابق حکمرانوں کے کیمپ آفسز پر اٹھنے والے اخراجات بھی انہی سے وصول کیے جائیں گے۔
کابینہ نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ مستقبل میں حکمرانوں کے نجی دوروں اور بیرون ملک علاج معالجے کی مد میں اٹھنے والے اخراجات وہ خود برداشت کریں گے۔
کابینہ کو ماضی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کو مختلف طریقوں سے پہنچائے جانے والے نقصانات اور سیاسی مداخلت کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کابینہ کو بتایا گیا کہ سال 2012 سے 2018 تک کم و بیش 50 پروازوں کو ذاتی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا اور مختلف مقامات کی طرف موڑا گیا۔
اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے 17 جولائی 2019 کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ملک کے کسی حصے میں آٹے کی قیمت میں اضافہ نہ ہو اور آٹے کی قیمت پر مسلسل نظر رکھی جائے۔