راولپنڈی میں پاک فوج کا طیارہ گر کر تباہ، 17 افراد جاں بحق

  • منگل 30 / جولائی / 2019
  • 5440

پاک فوج کا ایک طیارہ راولپنڈی کے علاقے موہڑہ کالو میں گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ حادثہ میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے جن میں 2 فوجی افسران سمیت عملے کے 5 افراد بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے  بیان کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ حادثے کا شکار ہوا اور راولپنڈی میں شہری آبادی والے علاقے موہڑہ کالو میں گر گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق طیارے کے حادثے میں 2 پائلیٹ سمیت عملے کے 5 اہلکار شہید ہوئے۔

تفصیلات کے مطابق طیارے کو حادثہ صبح صادق کے بعد 4 بجکر 54 منٹ پر پیش آیا۔ پاک فوج کے  بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طیارہ رہائشی علاقے میں حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 12 شہری بھی جاں بحق ہوئے جبکہ دیگر 12 زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد پاک فوج کی امدادی ٹیموں اور ریسکیو 1122 کے اہلکار جائے حادثہ پر پہنچے اور طیارے کے حادثے میں ہونے والی آتشزدگی پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے۔ زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حادثے میں شہید ہونے والے افسران میں لیفٹیننٹ کرنل ثاقب (پائلیٹ) اور لیفٹیننٹ کرنل وسیم (پائلیٹ)، نائب صوبیدار افضل، حوالدارابن امین اور حوالدار رحمت شامل ہیں۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے دیگر افراد کی شناخت محمد جمیل، روبینہ، حبیب، پاری بی بی، فاطمہ بی بی، شبیر، عظمیٰ بی بی، عبدالحفیظ، راحیلہ بی بی، فیضان، فائزہ بی بی، عبدالرؤف کے ناموں سے ہوئی۔

واقعے کے حوالے سے حاصل ہونے والی دیگر تفصیلات کے مطابق طیارہ گرنے سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے 3 مکانات میں آگ لگی تھی۔  آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کے عملے کو طلب کیا گیا جنہوں نے کچھ دیر کوشش کے بعد آگ پر قابو پالیا لیکن واقعے میں متعدد افراد جھلس کر جاں بحق و زخمی ہوئے۔

واقعے کے بعد کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر جائے حادثہ پر پہنچے جہاں پاک فوج کے افسران نے کور کمانڈر کو حادثے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بعد ازاں راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر  چوپدری محمد علی رندھاوا نے جائے حادثہ کا معائنہ کیا اور بتایا کہ ریسکیو 1122 اور سی ڈی اے نے مل کر ریسکیو آپریشن کیا۔

انہوں نے بتایا کہ راولپنڈی میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 18 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 9 افراد زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ متاثرین کی امداد اور مکان بحالی کی بات کرلی گئی ہے اور اس حوالے سے جلد اعلان کردیا جائے گا۔ جائے حادثہ پر طیارے کا ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے۔

صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، قومی اسمبلی کی اسپیکر اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اور وزیر اعلیٰ بلوچستان عثمان بزدار نے بھی حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردلی دکھ کا اظہار کیا۔