طالبان اور امریکہ نے ذمہ داری نبھائی تو امن معاہدہ ہو جائے گا: خلیل زاد
- بدھ 31 / جولائی / 2019
- 4240
امریکہ کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو امریکہ بھی اپنا فرض نبھائے گا اور دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پا جائے گا۔
بدھ کو افغانستان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد اپنے ٹوئٹ میں زلمے خلیل زاد نے کہا کہ کابل کا ان کا یہ دورہ خصوصی ایلچی کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے اب تک کا سب سے کامیاب دورہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دورے کے دوران امریکہ اور افغانستان نے مستقبل کے لائحہ عمل پر اتفاق کر لیا ہے اور اب مذاکراتی ٹیم اور تیکنیکی معاونت کرنے والے افراد کی فہرست کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ وہ اب اسلام آباد سے ہوتے ہوئے قطر کے دارالحکومت دوحہ جائیں گے۔ واضح رہے کہ دوحہ میں امریکہ اور طالبان کے درمیان مذاکرات کا اگلا دور رواں ہفتے شروع ہو رہا ہے اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور مغربی ملکوں کے سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ مذاکرات کے اس دور میں دونوں فریقین کے درمیان امن معاہدہ طے پانے کے قوی امکانات ہیں۔
امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان افغانستان میں امن قائم کرنے اور افغانستان سے امریکی فوج کے انخلا کے لیے گزشتہ کئی ماہ سے مذاکرات جاری ہیں۔ مذاکرات کے اب تک سات دور مکمل ہو چکے ہیں۔ فریقین کا کہنا ہے کہ امن معاہدے کے بیشتر نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور اب صرف چند اختلافی امور پر بات چیت جاری ہے۔
امریکہ افغانستان سے اپنی فوجیں جلد نکالنے کا خواہش مند ہے اور امریکی حکام پرامید ہیں کہ رواں سال ستمبر تک افغان امن معاہدہ طے پا جائے گا۔