ایل او سی پر اشتعال انگیزی: بھارت بوکھلا چکا ہے
- بدھ 31 / جولائی / 2019
- 5440
پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں میں اضافہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ناکامی کی وجہ سے ان کی بوکھلاہٹ کو ظاہر کرتا ہے۔
ٹوئٹر پرایک بیان میں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ 'پاک فوج لائن آف کنٹرول پر بسنے والے معصوم شہریوں کو بھارت کی جانب سے دانستہ طور پر نشانہ بنائے جانے کے خلاف اور ان کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی'۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا موثر جواب دیا جا رہا ہے اور ہمیشہ دیا جاتا رہے گا'۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز آزاد جموں و کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور شیلنگ سے 2 شہری جاں بحق اور 6 خواتین سمیت 19 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
اسسٹنٹ کمشنر ولید انور نے بتایا تھا کہ بھارتی فورسز نے لیپہ ویلی میں شیلنگ شروع کی جو پوری وادی میں پھیل گئی۔ انہوں نے بتایا کہ بھارتی شیلنگ سے قیصر کوٹ اور بیجل دار گاؤں میں 3 گھر مکمل تباہ ہوگئے۔ اس سے ایک روز قبل بھی ایل او سی پر بھارتی فورسز کی جارحیت سے ایک خاتون جاں بحق اور 5 خواتین سمیت 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔
واقعہ کشمیر کے ضلع حویلی میں خورشید آباد اور نیزا پیر سیکٹر میں رات گئے پیش آیا تاہم سرکاری سطح پر اطلاعات آج صبح بتائی گئیں۔ بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے 3 بجکر 45 منٹ پر نیزا پیر سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کرتے ہوئے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جبکہ خورشید آباد سیکٹر میں بھی بلااشتعال فائرنگ کا آغاز 6 بجے شروع ہوا تھا۔
ترجمان کے مطابق ’اس خلاف ورزی کا بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جائے گا۔ پاکستانی فوج انڈین فائرنگ سے لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے نہتے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائے گی۔‘
بی بی سی کے مطابق پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے حکام نے انڈین فوج پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے منگل اور بدھ کے روز وادیِ نیلم و لیپہ میں لائن آف کنٹرول کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت تین افراد ہلاک جبکہ 39 افراد زخمی ہوگئے۔ حکام کے مطابق دارالحکومت مظفرآباد کے نواحی علاقے گڑھی دوپٹہ میں دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے دو افراد ہلاک جبکہ تین افراد زخمی ہوگے ہیں۔