آئین سے کھلواڑ جمہوریت کے لئے نیک شکون نہیں: حاصل بزنجو
- ہفتہ 03 / اگست / 2019
- 12210
نیشنل پارٹی کے سربراہ سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ یہ معنی نہیں رکھتا کہ چیئرمین سینیٹ وہ ہوں یا صادق سنجرانی، لیکن آئین اور وفاق سے کھیلا گیا کھیل ملک کی جمہوریت کے لیے نیک شگون نہیں۔
سینیٹ چیئرمین صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے بعد اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر اس عہدے کے لیے نامزد امیدوار میر حاصل خان بزنجو نے یہ گفتگو کراچی میں ایک روزہ قیام کے بعد اسلام آباد واپس جاتے ہوئے کی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’سینیٹ میں جمعرات کو جو کچھ ہوا اس سے آئین بنانے والوں کی روح تڑپی ہوگی کہ اور وہ سوچ رہے ہوں گے کہ کیا انہوں نے آئین اس طرح استعمال کیے جانے کے لیے بنایا تھا‘۔
یاد رہے کہ صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد اس وقت ناکام ہوگئی تھی جب اپوزیشن کے 14 اراکین سینیٹ نے پارٹی قیادت کو دھوکہ دیتے ہوئے اپنی ہی لائی گئی قرارداد کے خلاف ووٹ دیا یا جان بوجھ کر ووٹ ضائع کیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ ’انہیں علم تھا کہ تحریک عدم اعتماد کو ناکامی سے دوچار کرنے کے لیے پیسے اور دباؤ کا استعمال کیا جائے گا‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہارس ٹریڈنگ پاکستان تحریک انصاف کی روایت ہے۔ گزشتہ برس پنجاب اور وفاقی حکومت کی تشکیل کے وقت جہانگیر ترین کا جہاز اسی طرح اڑ رہا تھا جس طرح صادق سنجرانی کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے وقت اڑا۔
نیشنل پارٹی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن، چیئرمین سینیٹ کے خلاف ایک اور تحریک عدم اعتماد لا سکتی ہے لیکن اس قسم کا کوئی بھی فیصلہ آئندہ چند روز میں ہونے والی کثیرالجماعتی کانفرنس میں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ہمیں صادق سنجرانی سے کوئی دلچسپی نہیں، ہمیں ان عناصر کے بارے میں تشویش ہے جو ایوانِ بالا کو بدنام کرنا چاہتے ہیں‘۔
حاصل بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ ان کی جماعت سے تعلق رکھنے والے تمام سینیٹرز نے صادق سنجرانی کے خلاف ووٹ دیا تاہم اپوزیشن جماعتوں کو منحرف اراکین کی شناخت کرنے کے لیے تحقیقات کرنی چاہیے اور اپنی وفاداری کو مشکوک بنانے والوں سے استعفیٰ طلب کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اگر اپوزیشن حکومت گرانا چاہتی تو اس میں ایک ماہ سے بھی کم وقت لگے گا لیکن ہمارا خیال ہے کہ حکومت کو ایک اور انتباہ دینے کی ضرورت ہے اور اب اپوزیشن کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی چارہ نہیں۔