آرمی چیف، نوجوان طبقہ او ر قومی بیانیہ
- تحریر سلمان عابد
- منگل 06 / اگست / 2019
- 6290
پاکستان کا نوجوان طبقہ ایک بڑے بحران سے گزرہا ہے۔ بنیادی مسئلہ عدم تحفظ اور غیر یقینی صورتحال کا ہے او رجس میں معاشی عمل سے جڑا مسئلہ بنیادی اہمیت رکھتاہے۔
مسئلہ محض پڑھے لکھے نوجوان لڑکوں او رلڑکیوں کا ہی نہیں بلکہ سوال ہے کہ جو نوجوان جو پڑھ لکھ نہیں سکے ان کو کیسے قومی ترقی کے دھار ے میں لانا ہے ۔ کیونکہ عمومی طو رپر نوجوان طبقہ کے مسائل او ران کی ترقی پر حکومتی او رریاستی سطح پر گفتگو تو بہت ہوتی ہے، مگر عملی اقدامات کا نہ ہونا مسائل کو اور زیادہ سنگین بنادیتا ہے۔یہ ہی وجہ ہے کہ نوجوان طبقہ کے مسائل سے قومی سطح پر غفلت کا عمل ایک مجرمانہ فعل سے کم نہیں۔ اس طرح نوجوانوں میں امید او رروشنی پیدا کرنے کی بجائے مایوسی یا ریاستی نظام سے لاتعلقی پیدا ہوتی ہے۔
معاشرے میں نوجوانوں کی سطح پر باغیانہ مزاج، غصہ، نفرت، انتہا پسندی، لاتعلقی، مایوسی اور معاملات کو اندھیرے میں دیکھنے کا رویہ بڑھ رہا ہے، وہ سنگین بحران کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ عمل مزید خرابیوں کو پیدا کرکے نوجوانوں میں انتہا پسندی، پر تشدد رجحانات، عدم برداشت او ر عدم سماجی و سیاسی اہم آہنگی کو پیدا کرتا ہے۔مسئلہ ریاست کے مجموعی نظا م او رحکومتی سطح پر طرز حکمرانی کے بحران کا ہے۔ کیونکہ اس عمل میں نوجوان طبقہ سے جڑے مسائل سیاسی، سماجی، معاشی او رانتظامی منصوبہ بندی کے فقدان کا شکار ہیں۔ اگر کچھ منصوبہ بندی کی شکلیں دیکھنے کو ملتی ہیں تو اس میں ترجیحات کے مسائل اہم ہوتے ہیں۔ سب سے بڑھ کر نوجوان طبقا ت کی ترجیحات اور ریاستی و حکومتی سطح پر ترجیحات میں ایک واضح فرق اور خلیج نظر آتی ہے۔
پچھلے دنوں فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ نے آئی ایس پی آر کے سالانہ انٹرن شپ پروگرام میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے کچھ بنیادی نوعیت کے معاملات پر توجہ دلائی ہے۔ آئی ایس پی آر کا یہ سالانہ انٹرن شپ پروگرام کافی اہمیت کا حامل ہوتا ہے جہاں چاروں صوبوں سے مختلف طلبہ و طالبات کو اکھٹا کرکے ان میں سیاسی، سماجی شعور کو اجاگر کیا جاتا ہے۔فوجی سربراہ نے نوجوانوں کو پیغام دیا ہے کہ: اول قانون کی بالادستی او رمیرٹ کو اپنا وطیرہ بنائیں۔ دوئم پاکستان کا مستقبل نوجوان طبقہ سے جڑا ہوا ہے۔سوئم نوجوان اپنے اندر اعتماد پیدا کریں اور ہر طرح کے حالات میں مقابلہ کرنا سیکھیں۔چہارم نوجوان شارٹ کٹ اختیار کرنے کی بجائے خود میں مستقل مزاجی پیدا کریں۔پنجم پاکستان نے اپنے بے شمار چیلنجز کا مقابلہ نوجوان طبقہ کی مدد سے کیا ہے اور وہی ہمیں بحران سے نکالنے کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔
فوج کے سربراہ اس سے قبل بھی وقتاًفوقتاً نوجوان طبقہ کے مسائل پر اپنا مقدمہ پیش کرتے رہے ہیں۔ بالخصوص انتہا پسندی، شدت پسندی اور پر تشدد رجحانات کے مقابلے میں امن، روداری، سماجی اہم اہنگی پر زور دیتے رہے ہیں۔ وہ اپنی گفتگو میں تعلیمی اداروں کی اہمیت، استاد، نصاب اور تعلیمی ماحول کو سازگار بنانے کی بات بھی کرتے رہے ہیں۔ ففتھ جنریشن وار کو بھی وہ فوقیت دیتے رہے ہیں۔مگر بدقسمتی یہ ہے کہ ہمیں حکومتی سطح پر نوجوان طبقات سے جڑے مسائل کے حل میں کوئی ایسا عملی مضبوط بیانیہ نظر نہیں آتا جو واقعی نئی نسل کو درپیش مسائل کے حل میں معاون ثابت ہوسکے۔آرمی چیف نے جن خواہشات کا اظہا ر کیا وہ بجا ہے، لیکن جو مسائل حکومتی سطح پر ہیں ان کا حل کیسے ہوگا اور کیسے ہم بطو رمعاشرہ نوجوان طبقہ کے مسائل کے تناظر میں ایک ذمہ دار حکمرانی کے نظام سے مستفید ہوسکیں گے۔کیونکہ نوجوان نسل کو یہ ترغیب دینا کہ وہ آگے بڑھیں، مگر جب وہ آگے بڑھیں گے تو کون ان کا ہاتھ تھامے گا او رکون سا نظام ان کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ یہ ہی اہم سوال ہے جس کا جواب ہمارے ریاستی، حکومتی اداروں او رپالیسی سازوں کو سوچنا ہوگا۔
جب نوجوان نسل کا بیانیہ بنایا جائے گا تو اس میں فوقیت ہی نوجوان طبقہ ہوگا۔ اس نوجوان طبقہ میں پڑھے لکھے یا ناخواندہ سمیت معذور، دیہات، چھوٹے شہروں، خواجہ سرا سمیت کمزور طبقات شامل ہیں۔ ان کی اصل طاقت ہی ریاستی و حکومتی نظام ہوتا ہے کیونکہ اس نظام کی مضبوطی کا عمل ہی ان کمزور طبقات کی سرپرستی کرکے ان کو اپنے قدموں پر کھڑا کرتا ہے۔لیکن یہاں طاقت ور طبقات کے مقابلے میں عملی طور پر کمزور طبقات کو زیادہ سیاسی، سماجی او رمعاشی استحصال کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نظام کی کمزوری یہ ہے کہ نوجوان طبقوں کی اول تو اداروں تک رسائی ہی نہیں ہوتی او راگر مل جائے تو وہاں سے سماجی انصاف کا فقدان ان کو پیچھے کی طرف دھکیل دیتاہے۔ طبقاتی طرز پر قائم معاشروں کی خرابی یہ ہی ہوتی ہے کہ اس کے فیصلہ سازی کے عمل میں کمزور طبقات ترجیحات کا حصہ نہیں بنتے۔
نوجوان طبقہ کے مسائل پر نظر ڈالیں تو اس میں بے روزگاری سمیت کھیل کو دکے مواقع، سازگار ماحول، سماجی و عدالتی انصاف، تفریق کے پہلو، متعصب رویے، روزگار کا عدم تحفظ، استحصالی نظام سے جڑے مسائل، ترقی کے مواقع شامل ہیں۔ پاکستان ان ملکوں میں شامل ہے جس میں نوجوانوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔لڑکیاں بھی پڑھ بھی رہی ہیں او رگھر سے باہر بھی نکلی ہیں مگر ان کی سننے والا کوئی نہیں اور نہ ہی ان کو آگے بڑھنے کے مواقع ملتے ہیں۔ بے روزگاروں کی فوج در فوج نے ایک سنگین بحران نوجوانوں کے اندر پیدا کیا ہے اور وہ اس بحران سے نکلنے کی کوشش بھی کرتے ہیں مگر حالات ان کے حق میں نہیں۔یہ کام ہماری وفاقی، صوبائی او رمقامی حکومتوں کا ہے کہ ان کی پالیسیوں میں ہمیں Youth Based Policyکا اظہار عملی طور پر نظر بھی آنا چاہیے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ قومی، صوبائی او رمقامی سطح پر اسمبلیوں میں نوجوان نسل سے تعلق رکھنے والے عوامی منتخب نمائندے بھی نظر آتے ہیں۔ مگر پارلیمنٹ سمیت سیاست او رجمہوریت سے جڑی سیاست میں نوجوان طبقہ زیادہ سیاسی تنہائی کا شکار نظر آتا ہے۔ یوتھ پارلیمانی فورم بھی بنائے گئے ہیں مگر ان کا کوئی عملی فائدہ نہیں نظر آتا۔ ایک طرف ہماری ریاست انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بنائے گئے اپنے نئے بیانیہ کی کامیابی میں سرگرداں ہے۔ 20نکاتی نیشنل ایکشن پلان اسی سلسلے کی کڑی بھی ہے مگر آرمی چیف سمیت حکومت کو سمجھنا ہوگا کہ اگر ہم نے اپنے ہی بنائے گئے بیانیہ پر ایک متحرک اور فعال کردار ادا نہ کیا تو علمی او رفکری بنیادوں پر لڑی جانے والی بیانیہ کی جنگ کا کوئی عملی نتیجہ نہیں نکل سکے گا۔
مسئلہ یہ نہیں کہ نوجوان نسل میں صلاحیت نہیں یا وہ کچھ کرنا نہیں چاہتے۔ اصل مسئلہ عدم مواقع او رعدم سازگار ماحول کا ہے۔ نوجوانوں پر اعتماد کرنا او ران کو کسی بڑی ذمہ داری میں شامل کرنے کی حکمت عملی کا فقدان نوجوانوں کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے۔ آرمی چیف نے میرٹ کی بات کی ہے مگر کیا واقعی اس ملک میں میرٹ اور قانون کی حکمرانی کی بالادستی ہے۔ نوجوان نسل عملی طو رپر تضادات میں جی رہی ہے کیونکہ چاروں اطراف خوشنما نعروں او رکتابی باتوں کی حکمرانی کے مقابلے میں ایک ایسی حکمرانی ہے جو ان کے لیے مسائل پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے، جسے ہر صورت میں تبدیل کیا جانا چاہیے۔ میرٹ کی بات وہیں ہوسکتی ہے جہاں اداروں کی حکمرانی او ربالادستی ہو۔
آرمی چیف کو سمجھنا ہوگا کہ نوجوانوں سے جڑے مسائل کا حل ایک پرامن، منصفانہ او رشفاف نظام ہے۔ یہ کام یقینی طور پر فوج نہیں کرسکتی۔ اصل کام حکمرانی کے نظام کو موثر اور شفاف بنانا ہے۔ جمہوری سیاست سے جڑے افراد، ادارے اور سیاسی قیادتوں کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ نوجوان طبقہ کو بنیاد بنا کر ایک ایسے بیانیہ کی طرف توجہ دیں جو واقعی نوجوانوں کو خود مختار بناسکے۔وزیر اعظم عمران خان کا تو مینڈیٹ ہی نوجوان نسل سے جڑا ہوا ہے۔ لوگوں اور بالخصوص نوجوان نسل کو عمران خان سے بہت سی امیدیں ہیں مگر ایک برس کی اس حکمرانی میں ہمیں ابھی تک کچھ ایسا دیکھنے کو نہیں مل سکا جو واقعی نوجوانوں میں امید کو پیدا کرسکے۔
اس لیے موجودہ حکومت کو نوجوان طبقہ کے مسائل پر اولین توجہ دینی چاہیے اور کمزور طبقات یا کمزو رنوجوان ان کی سیاست اور منصوبہ بندی کا اہم حصہ ہونا چاہیے۔اگر ایسا نہ ہوسکا تو پھر نوجوان نسل کو ہم جان بوجھ کر انتہا پسندی کی طرف دھکیلیں گے اور اس کی ذمہ داری ہم پر ہی عائد ہوگی۔