بھارتی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی
- بدھ 07 / اگست / 2019
- 5790
بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصیت حیثیت میں تبدیلی کے بعد سے بھارت کی اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی دیکھی گئی جو 5 ماہ کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی روپے کی قدر بھی مئی کے مہینے کے بعد کم ترین سطح پر آگئی جو ڈالر کے مقابلے میں 70.49 روپے میں فروخت ہونے لگا۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں سیکیورٹی فورسز کی تعیناتی، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز کی بندش کے بعد وادی کی خصوصی حیثیت واپس لے لی ہے۔
بھارتی ادارے سینکٹم ویلتھ منیجمنٹ کے چیف انویسٹمنٹ آفیسر سنیل شرما کا کہنا تھا کہ 'مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے اور مارکیٹ کو در پیش مسائل میں سیاسی غیر یقینی اس میں مزید اضافہ کرتی ہے'۔ بھارت کی این ایس ای انڈیکس 1.11 فیصد کمی کے بعد 10 ہزار 868 پوائنٹس پر آگئی جبکہ بینچ مارک بی ایس ای انڈیکس بھی 1.11 فیصد کمی کے بعد 36 ہزار 670 پر آگئی۔
تاسمک گلوبل سلوشنز کی ایسوسی ایٹ ڈین مدھومیتا گھوش کا کہنا ہے کہ 'معیشت کی حالت اس وقت ٹھیک نہیں ہے اور کیے گئے اقدامات سے یہ کم مدت میں پروان نہیں چڑھ سکتی۔ عالمی معیشت مقامی معیشت سے بہت زیادہ بہتر کارکردگی دکھا رہی ہے'۔
پبلک سیکٹر کے بینک کا انڈیکس 5.12 فیصد تک نیچے آیا جبکہ میٹل کا انڈیکس 3.9 فیصد کم ہوا۔ تاہم آئی ٹی کا انڈیکس بہتر رہا۔ مجموعی طور پر بینکوں نے اسٹاک میں سب سے خراب کارکردگی دکھائی جو 6.7 فیصد تک کم ہوا جبکہ ٹاٹا موٹرز4.7 فیصد تک کم ہوا۔