کیا دینا کشمیریوں کی نسل کشی پر خاموش رہے گی؟ عمران خان کا سوال

  • جمعرات 08 / اگست / 2019
  • 4780

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ دنیا منتظر ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھے گا تو کیا ہوگا۔ کیا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی ممکنہ نسل کشی کو روکنے میں اخلاقی قوت کا مظاہرہ کرے گی۔

ایک ٹوئٹ  پیغام میں انہوں نے کہا کہ دنیا منتظر ہے کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھنے کے بعد بھارتی حکام ان کے ساتھ کیا سلوک کریں گے۔  وزیراعظم نے کہا کہ’ کیا بھارتیہ جنتا پارٹی  کی حکومت کا خیال ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے استعمال سے وہ کشمیریوں کی تحریک آزادی کو کچل دے گی؟‘۔  اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ کشمیریوں کی تحریک آزادی تیز تر ہوجائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ ’ یہ واضح ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی ہوتا دیکھے گی‘۔ وزیراعظم نے کہا کہ’ سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس مرتبہ بی جے پی حکومت کے لبادے میں فاشزم کا ایک اور مظاہرہ دیکھیں گے یا پھر عالمی برادری اسے روکنے میں اخلاقی جرات کرے گی؟ ‘۔

قبل ازیں اسلام آباد میں سینئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کشمیر پر کوئی سمجھوتہ نہییں کرے گا۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر مسلط کی گئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔  انہوں نے کہا کہ مودی سرکار ہٹلر جیسی سوچ رکھتی ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بدل کر آخری کارڈ کھیل لیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ مودی سرکار نسل پرستوں کا ٹولہ ہے جو بھارت میں صرف ہندوؤں کو دیکھنا چاہتا ہے۔  میں نے نریندر مودی سے ہمیشہ امن کی بات کی۔ پاکستان کشمیر کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔  وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کررہاہے اور کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے پلوامہ جیسے واقعہ سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے ۔  وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے لیے افغانستان میں کردار مشکل بنایا جارہا ہے۔ افغانستان میں پائیدار امن کیلئے مثبت کردار جاری رکھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ ٹرمپ کشمیر کے معاملے پر ثالثی کیلئے سنجیدہ ہیں۔ امریکہ سمیت پوری دنیا کو بھارتی عزائم سے باخبر کر رہے ہیں۔ یہ رائے عامہ کی جنگ ہے اور ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے۔ عالمی عدالت، سلامتی کونسل سمیت ہر فورم پر جائیں گے۔  بھارت کی کوشش ہے کہ کسی طرح پاکستان کوجنگ میں دھکیلے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نازی سوچ والی جماعت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بڑھتے ہوئے مظالم سے اقوام عالم کو آگاہ کریں گے۔ دنیا کوبتائیں گے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کررہی ہے۔